ہری پور پریس کلب سے وابستہ صحافیوں نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے عملی جہاد کیا ہے، یوسف ایوب خان

جمعہ 27 اپریل 2018 15:59

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) سابق صوبائی وزیر و تحریک انصاف کے رہنما یوسف ایوب خان نے کہا ہے کہ آج کا دور میڈیا کا دور ہے، ہری پور پریس کلب کی خوبصورت بلڈنگ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی صحافیوں سے محبت کا عملی ثبوت ہے، ہری پور پریس کلب سے وابستہ صحافیوں نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے عملی جہاد کیا ہے، ہری پور پریس کلب کی پوری ٹیم خصوصاً صدر ذاکر حسین تنولی و جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال و دیگر عہدیداران نے ہری پور پریس کلب کو فعال کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

یہاں پریس کلب ہری پور آمد پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ہری پور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا، سینٹ الیکشن کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قرآن پاک پر حلف کرنے والے معزز ممبران کی بات کی کسی صورت نفی نہیں کی جا سکتی، سیاست عزت کیلئے کی جاتی ہے نا کہ بے عزتی کیلئے، قرآن پاک پر حلف کرنے والوں کی بات پر قیادت کو نوٹس لینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ ضلعی صدر کی منظوری کے بعد پارلیمانی بورڈ دے گا اور قیادت ان کو ٹکٹ جاری کرتی ہیں جو جیتنے کی پوزیشن میں ہوں، ضمانتیں ضبط کروانے کیلئے پارٹی ٹکٹ کو جاری نہیں کیا جاتا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ذاکر حسین تنولی جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال، چیئرمین ایگزیکٹو باڈی نعیم عابد و دیگر نے بھی خطاب کیا اور ہری پور پریس کلب کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہری پور پریس کلب کے تمام عہدیداروں اور ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے ضلع میں شرافت اور مثبت صحافت کو فروغ دیا اور حقیقی معنوں میں عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور غیر جانبدارانہ صحافت کی عملی مثال پیش کی ہے۔ ہری پور پریس کلب کو مزید فعال بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے ضلعی صدر راجہ احتشام اور ممبر ضلع کونسل راجہ ناصر کیانی بھی موجود تھے۔