ترک منشیات سنٹر سرگودھا میں ابتک40 مریض شفایاب ہوچکے ہیں، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 27 اپریل 2018 18:55

سرگودھا۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودہا میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم ترک منشیات سنٹر میں ابتک چالیس مریض شفایاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں، جہاں پر وہ خوشگوار زندگی کا لطف اٹھا رہے ہیں ، ترک نشہ سنٹر میں نشیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ضرورت کے پیش نظر اس سنٹر میں اتنے ہی بستروں کی مزید توسیع کی جائیگی جبکہ نیو سٹیلائٹ ٹاؤن میں جدید طرز کے انسداد منشیات سنٹر کی تعمیر کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے جسکی تعمیر کا کام نئے مالی سال سے شروع ہو جائیگا، یہ بات ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے گذشتہ روز ضلعی انسداد منشیات کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ، اجلاس میں ڈائریکٹر ایکسائز مشتاق فریدی ، ای ٹی او محمد ارشد چہل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر نے منشیات کے خاتمے کیلئے ترک نشہ سنٹر کے قیام کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اس کا تمام تر سہرا مخیرحضرات کو دیا جنہوں نے بھر پور دلچسپی لیکر اس سنٹر کو کامیاب بنایا ، انہوں نے اس سنٹر کی کامیابی میں یونیورسٹی آف سرگودہا کے کر دار کی بھی تعریف کی جن کے ماہرین کی کونسلنگ کی وجہ سے لوگ نشہ چھوڑنے پر آمادہ ہو ئے ، انہوں نے کہا کہ ترک نشہ سنٹر اس وقت تک منشیات کے مریضوں کی بحالی میں کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک مریضوں کے والدین ڈاکٹر حضرات سے بھرپور تعاون نہیں کرتے ، اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ 26 جون کو عالمی انسداد منشیات دن بھر پور انداز میں منایا جائیگا ، اس حوالہ سے ہفتہ انسداد منشیات منایا جائیگا اس دوران منشیات کیخلاف آگاہی پیدا کرنے کیلئے واک ، سیمینارز و دیگر پروگرام کرائے جائیںگے ، اس طرح تعلیمی اداروں میں منشیات کیخلاف نفرت کیلئے مہم چلائی جائیگی جبکہ منشیات چھوڑنے والے افراد کو پرائیویٹ ٹیکنیکل اداروں میں تربیتی کورسز کرائے جائیںگے اور انہیں پانچ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کے علاوہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے اوزار بھی خرید کر دلوائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :