تاجر تنظیموں، کسان رہنمائوں، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ارکان صوبائی اسمبلی نے وفاقی حکومت کے سال 2018-19کے بجٹ کو عوام اور کاروبار دوست قرار دے دیا

جمعہ 27 اپریل 2018 23:30

فیصل آباد۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) تاجر تنظیموں، کسان رہنمائوں، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ارکان صوبائی اسمبلی نے وفاقی حکومت کے سال 2018-19کے بجٹ کو عوام اور کاروبار دوست قرار دیا ہے اور کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے سبب ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ وفاقی بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپوٹرز ایسوسی ایشن کے خواجہ امجد ثاقب نے کہا کہ یہ بجٹ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو مہنگائی کے دور میں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ قومی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت کو اس شعبہ کو زیادہ سے زیادہ مراعات دینی چاہیے تاکہ یہ شعبہ ملکی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرسکے۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل نے وفاقی میزانیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ پاکستان مسلم لیگ ن کی عوام دوست پالیسیوں کے تسلسل کا آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں معاشرے کے پسماندہ طبقات کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈ رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے ٹیکسوں میں کمی کے اعلان کو بھی سراہا اور کہا کہ اس سے لوگوں کے معاشی مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف نے نئے وفاقی بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عوام اور صنعت دوست قرار دیا ہے۔

آج فیصل آباد چیمبر کے بورڈ روم میں مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداروں کے ہمراہ براہ راست وفاقی بجٹ تقریر سننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کے دور کا موازنہ اس سے قبل حکومت کے پانچ سالوںسے کیا گیا تو تقریباًہر شعبہ میں واضح بہتری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کیلئے جی ڈی پی کے چھ فیصد کے ہدف کے برعکس 5.8 فیصد اضافہ کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ورثہ میں لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی، امن و امان، بے روزگاری اور معاشی ترقی میں تنزلی ملی تھی۔ حکومت نے اپنے دور میں مشکل حالات کے باوجود لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی سمیت کئی مسائل پر کامیابی سے قابو پالیا ہے جبکہ برآمدات میں 12فیصد کا اضافہ بھی باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے حالیہ بجٹ میں برآمدات کو زیرو ریٹ کرنے، کاروباری افراد کے مسلسل آڈٹ کرانے اور انکم ٹیکس کے ریٹ کم کرنے کو بھی سراہا اور کہا کہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کے ہائوس رینٹ میں اضافہ بھی باعث اطمینان ہے۔

انہوں نے زراعت کو بڑے پیمانے پر سہولتیں دینے کو درست سمت میں صحیح قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے زرعی شعبہ کی ترقی کی راہ ہموار ہونے کے ساتھ ساتھ دیہی غربت کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر دیگر تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی اظہار خیا ل کیا اور کہا کہ اس بجٹ میں فیصل آباد چیمبر کی بہت سی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے توقع ہے کہ اس سال ترقی کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا۔

پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے زونل چیئرمین شیخ فاروق اللہ والا اور سپریم انجمن تاجران کے پیٹرن حاجی محمد اسلم بھلی نے بھی وفاقی بجٹ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت نے ترقیاتی کاموں ، زراعت اوردیگر شعبہ جات کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈ مختص کر نے کا بہت اچھا فیصلہ کیا ہے اور ثابت کردیا ہے کہ ملک میں پاکستان مسلم لیگ ن کی واحد پارٹی ہے جو کسانوں، کاروباری لوگوں، مزدوروں اور غریب عوام کی جماعت کہلانے کی حقدار ہے۔