وفاقی بجٹ ،ْفلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے 4 نکاتی پیکیج کا اعلان

فلم پالیسی کی مزید تفصیلات وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب آئندہ چند روز میں پیش کریں گی فلم اور ڈرامہ کے فروغ کے لیے فنڈ قائم کیا جا رہا ہے جس سے فلم انڈسٹری اور مستحق فنکاروں کو مالی امداد دی جائے گی ،ْوزیر خزانہ

ہفتہ 28 اپریل 2018 12:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) وفاقی بجٹ میں فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے 4 نکاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے ،ْفلم پالیسی کی مزید تفصیلات وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب آئندہ چند روز میں پیش کریں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے مطابق پاکستان کی فلم انڈسٹری جو 60 کی دہائی میں دنیا کی تیسری بڑی انڈسٹری تھی، حکومت اس کے لیے مالی پیکیج کا اعلان کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پیکیج کا مقصد فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے سازگار ماحول، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پاکستانی کلچر کو فروغ دینا ہے ،ْمفتاح اسماعیل کے مطابق ڈرامہ، فلم سازی اور سینما کے آلات کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کی شرح کم کرکے 3 فیصد اور سیلز ٹیکس کم کرکے 5 فیصد کیا جا رہا ہے ،ْ فلم اور ڈرامہ کے فروغ کے لیے فنڈ قائم کیا جا رہا ہے جس سے فلم انڈسٹری اور مستحق فنکاروں کو مالی امداد دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ فلم کے پروجیکٹس پر سرمایہ کاری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کیلئے 5 سال تک انکم ٹیکس پر 50 فیصد چھوٹ دی جا رہی ہے اور پاکستان میں بننے والی غیر ملکی فلموں پر عائد انکم ٹیکس پر 50 فیصد چھوٹ دی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ فلم پالیسی کی مزید تفصیلات وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب آئندہ چند روز میں پیش کریں گی۔