’’تمباکو کے دھویں سے پاک پاکستان‘‘ کے عنوان سے مختلف محکموں کے ٹرینرز کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

ہفتہ 28 اپریل 2018 20:28

فیصل آباد۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کیبنٹ سیکرٹریٹ حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے ’’تمباکو کے دھویں سے پاک پاکستان‘‘ کے عنوان پر ضلع کے مختلف محکموں کے ٹرینرز کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میں منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خالد مسعود فروکہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹرمنہاج السراج،مینجر ٹوبیکو کنٹرول پروگرام آفتاب احمد،ڈسٹرکٹ آفیسر ای پی آئی پروگرام ڈاکٹر بلال احمد اور محکمہ صحت کے دیگر ڈاکٹرز کے علاوہ پنجاب پولیس،ٹریفک پولیس،تعلیم،سوشل ویلفیئر،لیبر اور دیگر محکموں کے نمائندہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)نے کہا کہ تمباکو نوشی کا انجام منہ کے کینسر سمیت دیگر مہلک بیماریوں کا باعث بنتا ہے جس کی روک تھام ازحد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منفی عادت سے خود اور اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے اور ہرفرد کو معاشرے میں لیڈر کا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس فعل کو سگریٹ نوشی کرنے والوں کے لئے دشوار بنا کر اس میں کمی لائی جاسکتی ہے جبکہ دکانوں پر 18سال سے کم عمر کو سگریٹ کی فروخت روکنے کے لئے بھی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اے ڈی سی جی نے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کیبنٹ سیکرٹریٹ اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے انسداد تمباکو نوشی کے لئے تربیتی ورکشاپ کے انعقاداور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ڈائریکٹر سی اے ڈی ڈی ڈاکٹر منہاج السراج نے پاکستان میں تمباکو نوشی کی ممانعت کے قوانین سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان نے پنجاب حکومت کے تعاون سے شہر شہر تربیتی پروگرامز منعقد کر کے ہر ضلع کو تمباکو کے دھویں سے پاک ماڈل شہر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پنجاب پولیس کا کردار نہایت ہی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات،پبلک ٹرانسپورٹس،تعلیمی اداروں کی حدود میں 50میٹر کے اندر سگریٹ کی فروخت،تقسیم اور ذخیرہ کرنے کی پابندی ہے جس پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ تمباکو نوشی قانونا جرم ہے کے بورڈ عوامی مقامات پرآویزاں ہونے چاہیں۔ڈاکٹر منہاج السراج نے انسداد تمباکو نوشی کے قانون میںموجود سزائیں اور جرمانے،قانونی کارروائی کے طریقہ کار سے آگاہ کیااوربتایا کہ مزید معلومات کے لئے ویب سائٹ www.tsfc.gov.pkپر بھی وزٹ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے شرکاء کے بعض سوالوں کے بھی جواب دئیے۔بعدازاں تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرنے والوں میںسر ٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔