سپر یم کورٹ نے توقیرشاہ کو بیرون ملک جانے ‘ تقرری میں توسیع کانوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا

ہفتہ 28 اپریل 2018 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2018ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وزیر اعلی کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کی بیرون ملک تقرری کیخلاف ازخودنوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ آپ کا نام سانحہ ماڈل ٹان میں ہونے کے باوجود ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں تقرری کیسے ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ڈاکٹر توقیر شاہ کی بیرون ملک تقرری کیخلاف ازخودنوٹس کی سماعت کی ۔

عدالت نے توقیرشاہ کو بیرون ملک جانے سے روک دیا اور تقرری میں توسیع کانوٹیفکیشن جاری کرنے سے بھی روک دیا۔عدالت توقیرشاہ کی تقرری کادوبارہ سے جائزہ لے گی توقیرشاہ عدالتی حکم پرپیش ہوئے اور کہا کہ کوئی عدالتی نوٹس موصول نہیں ہوا،میڈیارپورٹس دیکھ کرپیش ہواہوں اور مجھے عدالت کامکمل احترام ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے توقیرشاہ کی کارکردگی رپورٹ دیکھنے سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی کارکردگی سے کوئی دلچسپی نہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کا نام سانحہ ماڈل ٹان میں ہونے کے باوجود ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں تقرری کیسے ہو گئی توقیر شاہ نے کہا کہ ایف آئی آر میں میرا نام نہیں ہے۔تو چیف جسٹس نے کہا کہ اس کا فیصلہ عدالت کرے گی ۔عدالت توقیرشاہ کی تقرری میں کی گئی توسیع کابھی جائزہ لے گی۔سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ وزیراعظم نے توقیرشاہ کی تقرری میں توسیع کی منظوری دی۔توقیر شاہ نے بیرون ملک جانے سے متعلق پابندی پرنظرثانی کی استدعا کی ۔جس پر چیف جسٹس نے توقیرشاہ کی استدعامستردکردی۔