شام میں امریکی فوجی اڈے پر فرانسیسی ایلیٹ فورس کی آمد

اتوار 29 اپریل 2018 11:30

دمشق۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) فرانسیسی ایلیٹ فورس کی یونٹ کے اہلکار شام کی الحسکہ گورنری میں رمیلان کے مقام پرقائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچے گئے۔ یہ علاقہ کرد جنگجوؤں کے زیرانتظام ہے۔ترک خبر رساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی اڈے کو شام اور عراق میں آمد ورفت کے موقع پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

رمیلان کے فوجی اڈے پر آمد کا مقصد وہاں پر قیام کرنا نہیں۔تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی ایلیٹ فورس کے اہلکار اپنی بکتر بند گاڑیوں پر امریکی فوجیوں اور کرد جنگجوؤں کے ہمراہ منبج، الرقہ اور دیر الزور میں مشترکہ گشت بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق کرد جنگجوؤں نے منج شہر میں فرانسیسی فوج کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

فرانسیسی فوج کے ایک ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ امریکی فوج کی عدم موجودگی میں فرانسیسی فوج حرکت میں آئے گی۔

واضح رہے کہ شمالی شام کے پانچ مقامات پر فرانسیسی فوج کے 70 اہلکار موجود ہیں۔ یہ فوجی داعش کے خلاف سرگرم عالمی عسکری اتحاد کے مشن کا حصہ ہیں۔فرانسیسی ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر ماکروں کرد فورسز اور ترکی کے درمیان عالمی برادری کے تعاون سے مذاکرات کے خواہاں ہیں۔