مورٹگیج کمپنی کے سکوک بانڈز پر 5 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ

کم آمدنی رکھنے والے لوگوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے سستے قرضے ملیں گے

اتوار 29 اپریل 2018 17:00

مورٹگیج کمپنی کے سکوک بانڈز پر 5 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) وفاقی حکومت نے مالی سال 2018-19 کے بجٹ میں پاکستان مورٹگیج ری فنانس کمپنی کے جاری کردہ سکوک بانڈز کو 5 سال کیلیے انکم ٹیکس سے چھوٹ دے دی ہے۔وفاقی حکومت نے مالی سال 2018-19 کے بجٹ میں کم آمدنی رکھنے والے لوگوں کو مکانات کی تعمیر کیلیے سستے قرضوں کی فراہمی کیلیے پاکستان مورٹگیج ری فنانس کمپنی کے جاری کردہ سکوک بانڈز سمیت دیگر ڈیبٹ سیکیورٹیز کو 5 سال کیلیے انکم ٹیکس سے چھوٹ دے دی ہے۔

پاکستان مورٹگیج ری فنانس کمپنی کے جاری کردہ سکوک بانڈز سمیت دیگر ڈیبٹ سیکیورٹیز کی فروخت پر کیپٹل گین ٹیکس سے بھی 5 سال کیلیے چھوٹ دے دی گئی ہے جس کیلیے فنانس بل 2018 کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں 2 نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان ترامیم کے تحت عالمی بینک کے تعاون سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے قائم کردہ پاکستان مورٹگیج ری فنانس کمپنی(پی ایم آر سی)کی جانب سے ہائوسنگ مورٹگیج مارکیٹ کو جاری کردہ سکوک بانڈز سمیت دیگر ڈیبٹ سیکیورٹیز سے حاصل کردہ منافع کی رقم کو 5 سال کیلیے انکم ٹیکس سے چھوٹ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان مورٹگیج ری فنانس کمپنی کے جاری کردہ سکوک بانڈز سمیت دیگر ڈیبٹ سیکیورٹیز کی فروخت پرکیپٹل گین ٹیکس سے بھی 5 سال کیلیے چھوٹ کی تجویز دی گئی ہے۔