بھارتی ماہی گیروں کی کشتی کو پاکستان بحریہ کے جہاز کی جانب سے تکنیکی اور طبی امداد کی فراہمی، کشتی کے عملے کے پاکستان زندہ باد کے نعرے

اتوار 29 اپریل 2018 20:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر (اولیور ہیذرڈ پیری کلاس فریگیٹ) نے خلیج عدن میں میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے دوران بھارتی ماہی گیروں کی کشتی ST MARYS کو ریسکیو کیا۔ یہ کشتی بھارتی پورٹ کولوچیل کھلے سمندر میں سلالہ(اومان ) کے قریب انجن فیل ہونے کے باعث خراب ہوکر پچھلے 8 دنوں سے 12 افراد کے ساتھ پھنسی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کے ڈائیریکٹر جنرل پبلک ریلیشن کی طرف سے اتوار کوجاری بیان کے مطابق اٴْس کشتی کے بارے میں معلومات اور مدد کی اپیل حاصل ہونے پر پاک بحریہ کے جہاز کو فوری روانہ کیا گیا جس کی تکنیکی ٹیم نے کشتی کی خرابی دور کی اور اسے سمندر میں سفر کے قابل بنایا۔ کشتی کی خرابی کو دور کرنے کیلئے کشتی کے گئرباکس کو اتار کرٹھیک کیا گیااور دوبارہ کشتی پر نصب کیاگیا۔

پھنسی ہوئی کشتی کے عملے کے پاس پانی ختم ہو گیا تھا اور انھیں کھانے کی اشیاء اور طبی امداد کی اشد ضرورت تھی۔پاک بحریہ کے جہاز نے بھارتی کشتی کے عملے کو کھانے پینے کی اشیاء اور طبی امداد فراہم کی۔ کشتی کے عملے نے پاک بحریہ کے جہاز کی بروقت امداد کی فراہمی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔کشتی ٹھیک ہونے کے بعد بھارتی پورٹ کی طرف روانہ ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :