ْچیف جسٹس آف پاکستان کے داماد نے زیر سماعت کیس میں سفارش کرنے پر غیر مشروط معافی مانگ لی

اتوار 29 اپریل 2018 22:10

لاہور۔29 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان کے داماد نے زیر سماعت کیس میں سفارش کرنے پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر کے بچوں کی تحویل کے معاملہ پر سماعت کی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اس بات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا کہ ڈی آئی جی نے انکے داماد کے ذریعے سفارش کروانے کی کوشش کی ہے۔

چیف جسٹس نے خبردار کیا کہ یہ کیسے سوچ لیا کہ چیف جسٹس پاکستان کو کوئی سفارش کرے گا۔چیف جسٹس نے افسوس کا اظہار کیا کہ وہ جہادکررہے ہیں اور انکو سفارش کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر نے چیف جسٹس کی برہمی پر غیر مشروط معافی مانگی اس پر چیف جسٹس نے انہیں کہا کہ وہ معافی نہ مانگے بلکہ وہ ذرائع بتائیں جس نے انہیں سفارش کرنے کا مشورہ دیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کے حکم پر انکے داماد خالد رحمان عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے چیف جسٹس کو بتایا کہ وہ ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر کو کافی عرصہ سے جانتے ہیں اور انہوں سے سفارش کرنے کے لیے کہا تھا۔ چیف جسٹس کے داماد خالد رحمان نے بھری عدالت میں غیر مشروط معافی مانگی جس پر چیف جسٹس نے واضح کیا کہ وہ گھر میں باپ اور یہاں چیف جسٹس پاکستان ہیں۔چیف جسٹس نے اپنے داماد کی غیر مشروط معافی کے معاملے پر کارروائی ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :