تبدیلی والے لوٹ مار میں مصروف ہیں ، عالم زیب خان

پیر 30 اپریل 2018 12:09

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے ممتازرہنما اور مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ خیبرپختونخوا کے صوبائی صدرعالم زیب خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی لانے کی بجائے صوبے کو تباہی و بربادی سے دوچار کر دیا گیا ہے، صوبے میں کرپشن لوٹ کھسوٹ اور ظلم کے ناانصافی کا بازارگرم ہے ، مظلوموں کی بجائے ظالموں کا ساتھ دینے سے مظلوموں میں مایوسی بڑھتی جارہی ہے ، صوبے میں بدامنی و لاقانونیت بڑھنے سے عوام غیر محفوظ ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوامیں علی بابا اورچالیس چوروں کو احتساب سے بچانے کیلئے احتساب کمیشن کوتالے لگا دیئے گئے ہیں ‘عمران خان کی طرف سے میٹرو بس کو جنگلہ بس کہا جارہاتھا تاہم آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست سے بچانے اورکرپشن کے دروازے کھولنے کے لئے پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے حکومت کے خاتمہ سے صرف چھ ماہ قبل پشاور میں میٹرو بس منصوبے پرکام کاآغازکیا گیا ،حکومت کی ناقص منصوبہ بندی سے پھولوں کے شہر پشاورکو گندگی و غلاظت کاڈھیر بنا دیا گیاہے، لوگ گرد و غبار سے بیماریوں کا شکارہو رہے ہیں جبکہ پشاور میں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے لوگوں کو بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔