افتخار علی ملک سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئیر نائب صدر مقرر

خطے میں ترقی کا بڑا پوٹینشل، حصول کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، افتخار علی ملک

پیر 30 اپریل 2018 14:53

افتخار علی ملک سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئیر نائب صدر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چئیرمین افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سینئر نائب صدر مقرر کر دیا گیا۔ ان کی تقرری کا متفقہ فیصلہ سارک چیمبر کے صدر روآن ایدر سنگھے اور تمام نائب صدور نے ان کی چالیس سالہ خدمات اور سارک ممالک کو قریب لانے کی کوششوںکے اعتراف کے طور پر کیا۔

افتخار علی ملک اس سے قبل لاہور چیمبر اور وفاقی چیمبر کے صدر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے سارک چیمبر کے نائب صدر کی حیثیت سے دس سال تک خدمات سرانجام دی ہیں اور اس وقت وہ ایف پی سی سی آئی کے برسر اقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چئیرمین بھی ہیں۔ اس موقع پر افتخار علی ملک نے کہا کہ وہ کاروباری برادری کے اعتماد پر ان کے شکر گزار ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن سے ملک و قوم کی خدمت اور سارک ممالک کو قریب لانے کی بھرپور کوششیں کرتے رہیں گے تاکہ یہاں کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک تیزی سے عالمی منڈی میں قدم جما رہے ہیں اور ان کی شرح نمو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے تاہم سکیورٹی اور سیاسی معاملات اور محصولاتی و غیرمحصولاتی رکاوٹیں ترقی کی رفتار بڑھانے میں رکاوٹ ہیں جنھیں مل کر دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ سارک کے خطے میںترقی کا بڑا پوٹینشل موجود ہے جس کے حصول کیلئے سب نے مل کر کام کرنا ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے مابین تجارتی معاہدوں کو متوازن کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان میں امیر ممالک کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ غریب ممالک کیلئے یہ نا موافق ہیں۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور، سینئیر نائب صدر سیّد مظہر علی ناصر، نائب صدور کریم عزیز ملک اور عاطف اکرام شیخ اور چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل نے افتخار علی ملک کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ اپنی بے لوث خدمات کی وجہ سے کاروباری برادری میں انتہائی مقبول ہیں اور انھوں نے کبھی کوئی الیکشن نہیں ہارا۔

انھوں نے اپنی زندگی کاروباری برادری اور انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی ہے اور سارک چیمبر کے اول نائب صدر کی حیثیت سے ان کا تقرر پاکستان، ایف پی سی سی آئی اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کیلئے ایک اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ایک ارب روپے کی لاگت سے سارک چیمبر کی دس منزلہ عمارت تکمیل کے قریب پہنچ گئی ہے جس میں افتخار علی ملک کی ذاتی دلچسپی اور مالی تعاون قابل ستائش ہے۔