افتخار علی ملک سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر مقرر

فیصلہ چالیس سال پر محیط انکی خدمات کے مد نظر کیا گیا،سارک ممالک کو قریب لانے کی کوششیں بڑھائیں گے،افتخار علی ملک

پیر 30 اپریل 2018 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سینئر نائب صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ انکی تقرری کا متفقہ فیصلہ سارک چیمبر کے صدر روآن ایدرسنگھے اور تمام نائب صدور نے انکی چالیس سالہ خدمات اور سارک ممالک کو قریب لانے کی کوششوںکے اعتراف کے طور پر کیا۔

افتخار علی ملک اس سے قبل لاہور چیمبر اور وفاقی چیمبر کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ انھوں نے سارک چیمبر کے نائب صدر کی حیثیت سے دس سال تک خدمات سرانجام دی ہیں اور اس وقت وہ ایف پی سی سی آئی کے برسر اقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چئیرمین بھی ہیں۔ اس موقع پر افتخار علی ملک نے کہا کہ وہ کاروباری برادری کے اعتماد پر انکے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

وہ آئندہ بھی اسی جزبے اور لگن سے ملک و قوم کی خدمت اور سارک ممالک کو قریب لانے کی بھرپور کوششیں کرتے رہیں گے تاکہ یہاں کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک تیزی سے عالمی منڈی میں قدم جما رہے ہیں اور انکی شرح نمو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے تاہم سیکورٹی اور سیاسی معاملات اور محصولاتی و غیر محصولاتی رکاوٹیں ترقی کی رفتار بڑھانے میں رکاوٹ ہیں جنھیں مل کر دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ سارک کے خطے میںترقی کا بڑا پوٹینشل موجود ہے جس کے حصول کیلئے سب نے مل کر کام کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے مابین تجارتی معاہدوں کو متوازن کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان میں امیر ممالک کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ غریب ممالک کیلئے یہ نا موافق ہیں۔