لکی سیمنٹ کو 9 ماہ میں ریکارڈ 9.80 ارب روپے کا منافع

پیر 30 اپریل 2018 17:36

لکی سیمنٹ کو 9 ماہ میں ریکارڈ 9.80 ارب روپے کا منافع
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) لکی سیمنٹ نے 31 مارچ 2018ء کو ختم ہونے والے مالی سال 2017-18ء کے 9 ماہ کے دوران 9.80 ارب روپے ہونے والے منافع کا اعلان کیا ہے جو پچھلے سال کے اس عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہے۔ کمپنی کی فی حصص آمدنی پچھلے مالی سال کے اس عرصے کے 32.23 روپے کے مقابلے میں 30.31 روپے رہی۔ کمپنی کا مجموعی سیلز ریونیو پچھلے سال کے اسی عرصہ کے 47.29 ارب روپے کے مقابلے میں 7.1 فیصد اضافے کے ساتھ 50.63 ارب روپے رہا۔

ریونیو میں اضافے کی بنیادی وجہ زیادہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس تھا۔ کمپنی کی مقامی فروخت 16.9فیصد (شمالی 19.7 فیصد اور جنوبی 13.7 فیصد) اضافے کے ساتھ 5.04 ملین ٹن رہی جوکہ پچھلے سال کے اس عرصے میں 4.31 ملین ٹن تھی جبکہ مقامی کلنکر سیلز حجم 79.5 فیصد کمی کے ساتھ 0.06 ملین ٹن رہا جوکہ گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران 0.29 ملین ٹن تھا۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مجموعی مقامی سیلز گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 4.60 ملین ٹن کے مقابلے میں 10.09 فیصد اضافہ کے ساتھ 5.10 ملین ٹن رہی۔

کمپنی کی برآمدی فروخت 20.3فیصد کمی کے ساتھ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے 0.93 ملین ٹن کے مقابلے میں 0.74 ملین ٹن رہی۔ اس طرح 31 مارچ کو ختم ہونے والے 9 ماہ میں لکی سیمنٹ کا مجموعی منافع ایک فیصد کمی کے ساتھ 11.94 ار ب روپے رہا جبکہ کمپنی کی فی حصص خالص آمدنی پچھلے سال کی اسی مدت کے 37.27 روپے کے مقابلے میںکم ہو کر 36.91 روپے ہوگئی۔ لکی سیمنٹ نے پیزو پلانٹ میں 17.50 ارب روپے کے برائون فیلڈ کی توسیع کا اعلان کیا ہے جس سے سیمنٹ کی پیداوار 2.60 ملین ٹن سالانہ ہوجائے گی۔

اس کے علاوہ لکی سیمنٹ نے سماوا عراق میں 1.20 ملین ٹن کلنکر کیلئے 109 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے۔ لکی سیمنٹ نے آٹو موبائل سیکٹر میں کیا موٹر کارپوریشن کے مینوفیکچرنگ پلانٹ اور پورٹ قاسم پر 660 میگاواٹ کا سپر کریٹیکل کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ لکی سیمنٹ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت صحت، تعلیم اور ماحول کے شعبے میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے اور اس سلسلے میں کمپنی نے ملک کی معروف یونیورسٹیوں میں اسکالرشپس میں توسیع دے دی ہے۔

ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام کے تحت لکی سیمنٹ نے زندگی ٹرسٹ کے تعاون سے کراچی میں لڑکیوں کے دو معروف اسکولوں کی معاونت شروع کردی ہے۔ لکی سیمنٹ نے سی پی ایل سی کو کمیونٹی کی ترقی کیلئے بھی فراخدلانہ تعاون فراہم کیا ہے۔ لکی سیمنٹ نے بنیادی صحت کے شعبے میں کمیونٹی کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ کمپنی پاکستان اسپیشل اولمپکس ، پاکستان ایسوسی ایشن فار بلائنڈز اور اسی طرح کے دیگر رفاحی اداروں کی بھی فعال سپورٹر ہے۔