بچوں کی وفات کو پولیو ویکسینشن سے جوڑنا افسوسناک اور غلط فہمی پر مبنی

ہے،عاطف رحمان

پیر 30 اپریل 2018 22:26

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) ایمرجنسی آپریشن سنٹرخیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹرعاطف رحمان نے پشاور میں بچوں کی ا موات کی پولیو ویکسینشن سے جوڑنے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں استعمال ہونے والی پولیو ویکسین محفوظ ترین ہے جس کا اندازہ اس امرسے لگایاجاسکتا ہے کہ پاکستان میں اب تک اس ویکسین کے ٹیکوں کی1کروڑ10لاکھ اور قطروں کی 10 ارب سے زائد خوراکیں دینے کے باوجودملک بھر میں کہیںسے بھی اس ویکسین کے استعمال سے کسی قسم کا ری ایکشن یا منفی اثرات سامنے نہیں آئے ہیںجبکہ کم و بیش دنیا کے تمام ممالک نے اسی ویکسین کے استعمال سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ای پی آئی ڈائریکٹر ڈاکٹر اکرم شاہ، یونیسیف کے ڈاکٹر جوہرخان، بی ایم جی ایف کے ڈاکٹر امتیاز علی شاہ،انسداد پولیو کے صوبائی افسر ڈاکٹر علائوالدین،ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدی ناصر اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ عاطف رحمان نے کہا پشاور کے علاقہ بوستان آباد میںبچے کی افسوس ناک موت پردکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر غمزدہ خاندان کے غم میں برابرکے شریک ہیںتاہم اس کی وفات کو پولیو ویکسینشن سے جوڑنا افسوسناک اور غلط فہمی پر مبنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بوستان آباد کے واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق چار ماہ کا شہرام ولد عرفان ساکن بوستان آباد گذشتہ شب طبی پیچیدگی کی بنا پر خالق حقیقی سے جا ملاجس کی تفصیلات کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی اس واقعہ کے بعد میڈیا رپورٹس سامنے آنے پر محکمہ صحت حکومت خیبر پختونخوا عابد مجید نے فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی تحقیقاتی کیمٹی تشکیل دی جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور کے نمائندہ اور 2ماہرین امراض اطفال شامل ہیں اس کمیٹی کو آئندہ 48گھنٹوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عاطف رحمان نے کہا کہ پاکستان اور خصوصی خیبرپختونخوا سے پولیو کے موذی مرض کے خاتمہ میں جو نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں یہ میڈیا کے دوستوں کے قابل قدر تعاون کے بغیر ممکن نہ تھیں اور اس مرحلہ پر بھی ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کمسن ریحان کی افسوسناک موت کے محفوظ ترین پولیو ویکسین سے کسی قسم کے تعلق کی افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے اس اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کریں ای او سی کوآرڈینٹر نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے مزید کہا کہ 23اپریل سے پشاور میں شروع ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران اب تک شاہین مسلم ٹائون یونین کونسل کے 2781بچوں سمیت پشاور بھر میں 1لاکھ86 ہزار4سو59بچوں کو پولیو ویکسین کے ٹیکے لگائے گئے ہیں جس کے دوران پشاور بھر میں کہیں سے بھی ری ایکشن یا منفی اثرات کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا مرض نہ صرف ہمارے پھول جیسے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کررہاہے بلکہ عالمی برادری میں وطن عزیز کی بدنامی کا بھی باعث بن رہا ہے پولیو کا خاتمہ ایک قومی مشن ہے اورہمیں یقین ہے کہ ہمارے میڈیا کے معزز دوست اس مقدس فریضہ میں حسب سابق ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔