این ایچ اے حکام قلعہ سیف اللہ تا لورالائی اور لورالائی تا ڈیرہ غازی خان تک سڑک کو جلد مکمل کریں ،مولانا امیر زمان

پیر 30 اپریل 2018 22:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا ہے کہ علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں۔ این ایچ اے حکام قلعہ سیف اللہ تا لورالائی اور لورالائی تا ڈیرہ غازی خان تک سڑک کو جلد مکمل کریں تاکہ یہاں کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوسکیں۔

نئے تعمیر اور بننے والے سڑکوں سے علاقے میں ترقی کا سفر شروع ہوگا اس سلسلے میں این ایچ اے حکام سے کئی بار ملاقاتیں کی ہے اور علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیرپوسٹل سروسز مولانا امیرزمان نے قلعہ سیف اللہ لورالائی روڈ کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر این ایچ اے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عبید عمرانی اور ریذیڈنٹ انجینئر میجر(ر) عدنان نے روڈ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قلعہ سیف اللہ لورالائی روڈ اور ڈیرہ غازی خان تک دو سیکشن میں بنایا جارہا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے جس میں تقریباً ساٹھ کلومیٹر تک سڑک مکمل ہوچکا ہے اور بقایا کام اسی سال اگست کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ لورالائی شہر کے شمالی اور جنوبی سائیڈ پر دو بائی پاس بھی بنایا جارہا ہے جس کی سروے مکمل ہوچکی ہے اور راستے میں یہاں کی عوام کی قیمتی زمینوں کی وجہ سے کچھ مشکلات کا سامنا ہے جس میں سے زیادہ تر متاثرہ لوگوں کو معاوضہ ادا کیا جاچکا ہے باقی کو بھی جلد رقم کی ادائیگی کردی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مولانا امیرزمان نے کہا کہ روڈ میں خام مٹیریل استعمال ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ، روڈ کا معیار انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا ہونا چاہئے اور ساتھ ہی سڑک کے نزدیک والے صوبائی حکومت کے BHUs کو ٹراما سینٹر ڈکلیئر کیا جائے تاکہ حادثات کی صورت میں یہاں کے زخمیوں کی بروقت علاج ہو اور ساتھ ہی کانٹے بھی بنائے جائے زیادہ وزن اٹھانے والے گاڑیوں کی وجہ سے روڈ کا سٹرکچر جلد خراب ہوتا ہے۔

کانٹے تعمیر کرنے سے اس کی بروقت روک تھام ممکن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے بننے والے بائی پاس کو شہری آبادی سے دور بنایا جائے تاکہ یہاں کے عوام کی قیمتی زمینیں ضائع نہ ہوجائے۔ انہوںنے این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ شہر کی طرف جانے والے چار کلومیٹر کو وسعت دی جائے شہر میں زیادہ آبادی کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل زیادہ ہیں اور یہاں کے عوام کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ این ایچ اے حکام سڑک کی تعمیر پر ر زیادہ توجہ دے اور کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے کیونکہ شہر کے نزدیک ہونے کی وجہ سے گردو غبار کی وجہ سے لوگوں میں مختلف امراض پھیل رہے ہیں جس کا تدارک ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :