گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا پاکستان ہاؤس کا دورہ، پاکستانی سفیر نے ظہرانے کا اہتمام کیا

بدھ 17 ستمبر 2025 17:25

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا پاکستان ہاؤس کا دورہ، پاکستانی سفیر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) کراچی سے چین جانے والے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بیجنگ میں پاکستان ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں ان کا خیرمقدم پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور دیگر سفارتی عملے نے کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، خصوصاً طلباء کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے گورنر سندھ کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام بھی کیا، جس میں پاکستانی سفارتخانے کے عملے اور چینی حکام نے شرکت کی۔

گورنر سندھ نے اس محفل میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے سفارتخانے کے اقدامات کو سراہا۔اس دوران، گورنر سندھ نے پاکستان ہاؤس کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات میں مزید بہتری آ رہی ہے۔

پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ چینی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو مسلسل پاکستان میں نئے سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستانی مصنوعات کے حوالے سے آگاہ کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے چین ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔گورنر سندھ کے اس دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان مزید تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا تھا، اور اس میں پاکستان کے سفارتی عملے کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کی امید ظاہر کی گئی۔