وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کی ماڈل کالج فار گرلز جی-الیون/1 آمد، جدید آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا

بدھ 17 ستمبر 2025 17:28

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی  کی ماڈل کالج فار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز جی-الیون/1 میں جدید آئی ٹی لیب کا افتتاح کر دیا، یہ لیب زونگ فورجی کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب میں ڈی جی ایف ڈی ای سید جنید اخلاق، ڈائریکٹر جاوید مرزا، زونگ کے نمائندے فاروق رضا، پرنسپل راحیلہ اویس اور ایریا ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر احسان محمود سمیت دیگر تعلیمی و سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ٹی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس سہولت کو ملک کے دوردراز علاقوں تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے زونگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو تعلیمی میدان میں ترقی یافتہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ قبل ازیں، ڈی جی ایف ڈی ای نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ آئی ٹی لیبز قائم کی جا رہی ہیں جن کی تعداد 136 تک پہنچے گی۔ زونگ کے نمائندے فاروق رضا نے کہا کہ کمپنی ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور کئی سکولوں کو مفت ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ \932