پشین ،گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ ، ایک شخص جاںبحق ، قلعہ سیف اللہ میں زمین تنازعہ پر 2گروپوں کی لڑائی ،5افراد زخمی

پیر 30 اپریل 2018 23:26

پشین+قلعہ سیف اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی کلی گوال میں گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاںبحق جبکہ کلی پوٹی ناصران میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیاہے جبکہ قلعہ سیف اللہ میں زمین کی تنازعہ پر 2گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 5افراد جبکہ کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیاہے ۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ضلع پشین کے علاقے خونوزئی کلی گوال میں مسلح افراد کی جانب سے گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں ولی محمد نامی شخص جان کی بازی ہارگیاہے جن کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیاہے اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔دوسری جانب قلعہ سیف اللہ کے علاقے بندات موسیٰ زئی میں زمین کے تنازعہ پر دوگروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 5افراد شمس اللہ ،یعقوب ،خیر اللہ ،عماد الدین اور دائود خان زخمی ہوگئے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ متعلقہ انتظامیہ نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح کوئٹہ کے علاقے نواں کلی آخری سٹاف پر مسلح افراد کی فائرنگ سے بخت محمد نامی شخص زخمی ہوگیاہے جسے فوری طورپر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیاہے جہاں اسے طبی امدادی جارہی ہے دوسری جانب پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔دریںاثناء ضلع پشین کے علاقے پوٹی ناصران میں مسلح افراد کی فائرنگ سے فضل صادق نامی شخص زخمی ہوگیاہے جسے کچلاک کے ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفرکردیاگیاہے ۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات متعلقہ حکام کررہے ہیں ۔