ترقیاتی بجٹ میں وزارت قومی صحت، ریگولیشن و کو آرڈینیشن کی 20 جاری اور 37 نئی سکیموں کیلئے 30 ارب 73 کروڑ سے زائد رقم مختص

20 نئی سکیموں کیلئے 12 ارب 43 کروڑ 89 لاکھ، 37 نئی سکیموں کیلئے 18 ارب 29 کروڑ 55 لاکھ روپے مختص

پیر 30 اپریل 2018 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) آئندہ مالی سال2018.19 کے ترقیاتی بجٹ میں وزارت قومی صحت، ریگولیشن و کو آرڈینیشن کی 20 جاری اور 37 نئی سکیموں کے لئے 30 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔ 20 نئی سکیموں کے لئے 12 ارب 43 کروڑ 89 لاکھ جبکہ 37 نئی سکیموں کے لئے 18 ارب 29 کروڑ 55 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ نئی سکیموں میں صحت کے شعبہ میں خصوصی اقدامات کے لئے 11 ارب 50 کروڑ روپے، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کو بہتر بنانے کے لئے 10 کروڑ 66 لاکھ، وزارت کی تکنیکی استعداد کار بڑھانے کے لئے 16 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے غریب مریضوں کے علاج کے لئے پانچ کروڑ 88 لاکھ روپے، این آئی ایچ اسلام آباد میں اینیمل لیبارٹری کی اپ گریڈیشن کے لئے اڑھائی کروڑ جبکہ این آئی ایچ میں اپ گریڈیشن کے لئے اڑھائی کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم قومی صحت پروگرام فیز II کے لئے چار ارب روپے، ملک بھر میں 500، 250 اور 100 بستروں کے 46 ہسپتالوں کی تعمیر کے وزیراعظم کے پروگرام کے لئے ایک ارب 31 کروڑ 77 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

فاٹا میں فیملی پلاننگ و پرائمری ہیلتھ کیئر کے پروگرام کے لئے 28 کروڑ 25 لاکھ روپے، نیشنل پریوینٹیو ہیلتھ پروگرام کے لئے 20 کروڑ روپے، پاکستان نیوٹریشن پروگرام کے لئے 10 کروڑ 88 لاکھ روپے، ملیریا کنٹرول پروگرام آزاد کشمیر کے لئے 2 کروڑ 45 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جاری سکیموں میں این آئی ایچ اسلام آباد بائیولوجیکل پروڈکشن ڈویژن میں لیبارٹری کے لئے 28 کروڑ 34 لاکھ روپے، ای پی آئی پروگرام اسلام آباد کی توسیع کے لئے 7 ارب 83 کروڑ 50 لاکھ روپے، ایم این سی ایچ گلگت بلتستان پروگرام کے لئے 15 کروڑ 49 لاکھ، آزاد کشمیر کے لئے 32 کروڑ 40 لاکھ، پاپولیشن ویلفیئر پروگرام آزاد جموں و کشمیر کے لئے 27 کروڑ 33 لاکھ، فاٹا کے لئے 11 کروڑ 87 لاکھ، وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے لئے 2 ارب 40 کروڑ روپے، فیملی پلاننگ و پرائمری ہیلتھ کیئر اے جے کے پروگرام کے لئے 57 کروڑ 5 لاکھ روپے، مختص کئے گئے ہیں۔