جنوبی وزیرستان کے میٹرک کے طلباء کے لئے ڈومیسائل بناکر تقسیم کردئیے گئے

پیر 30 اپریل 2018 23:42

جنوبی وزیرستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) چیف سیکرٹری کی ہدایت پر عمل در آمد کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ سہیل خان نے 187میٹرک کے طلباء کے لئے ڈومیسائل بناکر ان میں تقسیم کردئے گئے۔اب تک فاٹا کے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں قبائلی طلباء چیف سیکرٹری کے پی کے کی پالیسی سے استفادہ حاصل کرچکے ہیں۔

چیف سیکرٹری صوبہ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے چند ماہ قبل ایک حکم نامہ جاری کیا تھا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور فاٹا کے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سکول ہی میں بنے گا ۔ میٹرک کے طلباء کا ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا فارم سکول میں ریکارڈ کے مطابق پر کرکے محکمہ تعلیم ،قبائلی ملکان اور پولیٹیکل انتظامیہ کے اہلکار اور آفیسر ہی تصدیق کرنے کے بعد ڈومیسائل جاری کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جس پر صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے قبائلی علاقوں میں سختی سے عمل در آمد شروع کیا گیا ۔ پولیٹیکل ایجنٹ جنوبی وزیرستان کے کانفرنس روم میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔جس میں جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ سہیل خان ،اے پی او اخلاص احمد ،محکمہ ایجوکیشن جنوبی وزیرستان کے ایجنسی ایجوکیشن آفیسر محب اللہ خان داوڑ ،قبائلی ملک عرفان الدین برکی اور سکول کے طلباء نے شرکت کی۔

تقریب میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے میٹرک کا امتحان دینے والے 60طلباء میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر پولیٹیکل ایجنٹ سہیل خان نے بتایا کہ اب تک 187قبائلی طلباء کو چیف سیکرٹری کی پالیسی کے مطابق سکول ہی میں ڈومیسائل بنا کر دئے گئے ہیں۔جس کی وجہ سے قبائلی طلباء کا قیتمی وقت بھی ضائع ہونے سے بچ گیا اور وہ ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات سے بھی بچ گئے ہیں۔