یکم مئی 2018ء کی صبح سے قبل شائع، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائے۔

پاکستان کی ترقی میں فعال اور متحرک افرادی قوت ہی حقیقی محرک ہے، حکومت کا تیز تر اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف ہماری محنتی، بے لوث اور کام سے لگن والی افرادی قوت کی وجہ سے پورا ہو رہا ہے،پاکستان شکاگو کے ان کارکنوں کی لازوال جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرنے میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے جنہوں نے اوقاتِ کارکے منصفانہ اور ایماندارانہ ماحول کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

منگل 1 مئی 2018 00:40

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان شکاگو کے ان کارکنوں کی لازوال جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرنے میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے جنہوں نے اوقاتِ کارکے منصفانہ اور ایماندارانہ ماحول کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس سے مزدوروں اور کارکنوں کے بنیادی حقوق کی ادائیگی یقینی ہو گئی،آج ہم پاکستان اور دنیا بھر کے ان بہادر کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور محنت کی عظمت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہر سال یکم مئی ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم دنیا بھر کی اقوام کی ترقی و خوشحالی میں کارکنوں کے گراں قدر کردار اور قربانیوں کا اعتراف کریں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ترقی میں فعال اور متحرک افرادی قوت ہی حقیقی محرک ہے حکومت کا تیز تر اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف ہماری محنتی، بے لوث اور کام سے لگن والی افرادی قوت کی وجہ سے ہی پورا ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان بھر کے کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ مزدور دوست پالیسیاں اپنانے پر زور دیا ہے اور آئندہ بھی ہم نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ایسے تمام ورکرز دوست اقدامات کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے جن کہ بدولت کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کا معیار زندگی بھی بہتر بنایا جا سکے ۔

ہم بڑی اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ صرف صحت مند ،خوش و خرم ، تعلیم یافتہ اور اچھی آمدن والی افرادی قوت سے پاکستان اس قابل ہو جائے گا کہ وہ سماجی و اقتصادی طور پر طاقتور ہو جائے اور یہی وہ چیز ہے جس کیلئے ہم پر خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں۔کارکن اور آجر قومی ترقی کی ان کوششوں میں شراکت دار ہیں اور میں سب پر زور دیتا ہوں کہ وہ خود کو جدید ترین پیداواری ٹیکنالوجیز سے آراستہ کریں تاکہ ہم عالمی چیلنجز کے ساتھ ساتھ چل سکیں اور عالمی مارکیٹوں میں بڑھتی ہوئی مسابقت کا کامیابی سے سامنا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعظم پاکستان میں خود اور حکومت کی طرف سے پاکستان بھر کے مزدوروں اور ہنر مندوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور عوام کے جملہ حقوق کے تحفظ کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام کی اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کا عہد کرتا ہوں کیونکہ ایسا کرنے ہی سے پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کر سکے گا۔