کینیا، شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 100 ہو گئی،2 لاکھ افراد بے گھر

منگل 1 مئی 2018 10:50

نیروبی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) کینیا میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 100 ہو گئی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابقکینیا میں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں ، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 100 ہو گئی جبکہ تقریباً دو لاکھ افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا بڑی تعداد میں لوگ اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔

کینیا ریڈ کراس نے کہا ہے کہ محتاط اندازوں کے مطابق اپریل کے شروع میں بارشوں کے آغاز سے اب تک کم ازکم ایک سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے لوگوں نے محفوظ مقامات پر اپنے کنبے کے افراد اور گھر کا سامان پہنچانے کے لیے لکڑی کے ٹوٹے پھوٹے ٹکڑے جوڑ کر خود ہی کشتیاں بنائیں۔

(جاری ہے)

سیلابوں کے باعث وسطی اور شمالی کینیا اور ساحلی علاقوں کو ملانے والی تمام بڑی سڑکیں بند پڑی ہیں۔

دارالحکومت نیروبی سے مرکزی بندرگاہ مومباسا کی سڑک بھی گزشتہ ایک ہفتے سے زیر آب ہے۔کینیا ریڈ کراس کے سیکرٹری جنرل عباس گولت کا کہنا ہے کہ فوج اور پولیس نے امدادی کوششوں میں مدد کے لیے ہیلی کاپٹر بھیج دیئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی سے پھیلنے والی وبائی بیماریاں اب ایک اور خطرے کے طور پر کینیا پر منڈلا رہی ہیں۔