تعلیم ترقی میں اضافہ اور اسے جدت فراہم کرتی ہے، گورنر سندھ

قوموں کی تقدیر اعلیٰ تعلیم اور معاشرہ میں بنیادی تعلیم کی فراہمی سے ہی بدل سکتی ہے،محمد زبیر بیٹھک اسکول نیٹ ورک پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں ،فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب

منگل 1 مئی 2018 17:29

تعلیم ترقی میں اضافہ اور اسے جدت فراہم کرتی ہے، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم سماجی ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور اسے جدت فراہم کرتی ہے ، قوموں کی تقدیر تعلیم کی فراہمی سے ہی بدل سکتی ہے اس ضمن میں بیٹھک اسکول نیٹ ورک پاکستان میں بنیادی تعلیم کے فروغ میں اہم ثابت ہورہا ہے ، پاکستان کے مخیر حضرات کو اس عظیم کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ،اس نیٹ ورک میں شامل تمام افراد کی خدمات قابل تقلید ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیٹھک اسکول نیٹ ورک کے زیر اہتمام منعقدہ فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسوئٹزر لینڈ کے قونصل جنرل ، بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی صدر نگہت ملک ، ممبران اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی کارکردگی قابل تحسین اور اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کے لئے جدوجہد قابل ستائش ہے ، 153 بیٹھک اسکول میں 16000 بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں جو کہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی انتظامیہ کی اعلیٰ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ ، دور دراز علاقوں میں بیٹھک اسکول کے قیام سے ان میں رہائش پذیر بچوں کو تعلیم کی سہولیات ان کے د روازے پر فراہم ہوئی ہیں اور وہ کسی دشوار ی کے بغیر زیو ر تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بیٹھک اسکول میں کردارسازی پر خصوصی توجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے طالب علموں کو بہترین شہر ی بننے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی تعلیم بہت ضروری اور اعلیٰ تعلیم کے فروٖغ کی بنیاد ہے ، صوبہ میں بچوں کی بڑی تعداد اسکول کی تعلیم سے بھی محروم ہے جو کہ نہایت افسوسناک امر ہے اس ضمن میں این جی اوز کے تعلیم اور صحت میں کام قابل فخر ہیں ،حکومت ان کی ہر ممکن مدد ، تعاون اور معاونت جاری رہے گی ، اچھے مقصد کا اعتراف اور سوسائٹی کے ہر فرد کی جانب سے اس جانب توجہ دینا معاشرہ میں کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے،کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سیCSR کے تحت کی جانے والی مدد سے لاکھوں افراد تعلیم اور صحت کی سہولیات حاصل کررہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے اسی جذبہ سے ہر ایک کو معاشرہ کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہئے ۔

اس موقع پر بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی صدر نگہت ملک نے گورنرسندھ کو اسکول نیٹ ورک کی کارکردگی ، طالب علموں کی کردار سازی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی مدد سے بنیادی تعلیم فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :