پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس، پارٹی کی گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

منگل 1 مئی 2018 22:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں ضلعی کمیٹی کے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور 6مئی بروزاتوار کو پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین اور پشتون قومی تحریک کے عظیم سیاسی رہنماء مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کی پہلی برسی کے موقع پر کوئٹہ میں مرکزی جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم فیصلے کیئے گئے ۔

اجلاس میں تمام علاقائی اور ابتدائی یونٹوں کے کارکنوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ جلوسوں کی صورت میں جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں اور کوئٹہ کے وطن پال باشعور عوام سے اپیل کرے کہ وہ اس جلسے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا کی ملی وحدت ،متحدہ خود مختار صوبہ، پشتونخوا وطن کی تشکیل ،پشتون غیور عوام کی قومی جمہوری اقتدار کی قیام ،آزاد اور جمہوری افغانستان کی ملی استقلال ،آزادی وخودمختاری کی دفاع ،پاکستان کے محکوم اقوام وعوام کی قومی برابری ،جمہور کی حکمرانی ،پارلیمنٹ کی بالادستی ،ملک میں فوجی آمریتوں کی مکمل خاتمے ، قومی آزادی ،جمہوریت ،سماجی انصاف ،امن اور ترقی کی جمہوری تحریکوں میں پشتون قومی تحریک کے عظیم رہنماء مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل نے تاریخی رول اور لازاوال قربانیاں دیں۔

اس سلسلے میں مرحوم رہنماء کی پہلی برسی کے موقع پر 6مئی کو کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار میں منعقدہونیوالے جلسے میں پارٹی کے مرکزی وصوبائی رہنماء ودیگر مقررین ، پارٹی کارکن اور ہزاروں کی تعداد میں عوام مرحوم رہنماء کو ان کی خدمات وقربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرینگے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رضا محمد رضا نے یوم مئی کے حوالے سے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ پشتونخواوطن ، ملک اور دنیا کے مزدوروں اور محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا ہے ۔

پشتونخوامیپ 1886شکاگو کے عظیم شہدا کے پر افتخار اور لازوال قربانیوں اور جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے کیونکہ شہدا شکاگو نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرکے دنیا بھر کے محنت کش طبقات کے حقوق کیلئے قوانین بنانے کی بنیاد فراہم کی اور اوقات کار 18گھنٹوں سے کم کراکر 8گھنٹے کرکے محنت کش طبقے اورمزدوروں کیلئے اجرت کا تعین کیااورآج کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ یوم مئی کے حوالے سے عالمی قوانین کے مطابق پاکستان میں مزدوروں کے حق میں اصلاحات نافذ کیئے جائیںاور مزدوروں کو ایک تولہ سونے کی قیمت کے برابر تنخواہ دی جائے اور پشتونوں ودیگر محنت کشوں کو روزگار کرنے کا حق وتحفظ دیا جائے۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقات اور محکوم اقوام وعوام کی اولین ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے اپنے اقوام کی قومی تحریکوںاور جمہوری سیاسی پارٹیوں میں منظم ہوکر سیاسی جدوجہد کے ذریعے موجودہ غیر عادلانہ ،استعماری ،استحصالی اور قومی وطبقاتی جبر پر مبنی نظام سے نجات کیلئے اپنی قومی حاکمیت اور عوامی سیاسی اقتدار کا قیام ممکن بنائیں۔اجلاس کے آخر میں انہوں نے ایک بار پھر پارٹی کے تمام علاقائی یونٹوں پر زور دیا کہ وہ جلسے کی کامیابی کیلئے عوام سے رابطہ کرے اور اپنی حاضری کو بروقت یقینی بناتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دے۔