کوئٹہ، معاشرے کوانتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی آگ میں لپیٹنے کی کوششوں کو تمام مکاتب فکر مل کر ناکام بنا سکتے ہیں ،عوامی نیشنل پارٹی

ہم پرامن ، رواداراور بھائی چارے پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں ،حکومت کو چاہئے کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرے ، ہزارہ قبیلے کے افراد جس مصیبت سے گزررہے ہیں ،صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی و دیگر رہنمائوں کی بات چیت

منگل 1 مئی 2018 22:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ معاشرے کوانتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی آگ میں لپیٹنے کی کوششوں کو تمام مکاتب فکر مل کر ناکام بنا سکتے ہیں ، ہم پرامن ، رواداراور بھائی چارے پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں ،حکومت کو چاہئے کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرے ، ہزارہ قبیلے کے افراد جس مصیبت سے گزررہے ہیں ہمیں اس کا اچھی طرح احساس ہے قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی و دیگر رہنماں نے منگل کے روز کوئٹہ پریس کلب کے باہر ہزارہ قبیلے کے افراد کے لگائے گئے احتجاجی کیمپوں میں آمد کے موقع جلیلہ حیدر ، بی این پی کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ و دیگربات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفد میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مابت کاکا ، جمیل گلستان ، حمیدا للہ ایڈووکیٹ ، اخلاق بازئی و دیگر شامل تھے ۔ اے این پی کے رہنماں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میںآ ئے روز پیش آنے والے بدامنی کے واقعات کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے ان کے نتیجے میں بے گناہ انسانوں کا خون بہایا جارہا ہے ہمارا معاشرہ صدیوں سے انتہائی تحمل مزاج اور بھائی چارے پر یقین رکھنے والا پرامن معاشرہ چلا آیا ہے جس میں اقلیتوں کو خصوصی تحفظ حاصل تھا مگر اب گزشتہ چند عرصے سے سے یہاں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بدامنی کا نشانہ بن رہے ہیں مسیحی برادری ، ہزاری قبیلے کے افراد اور شہر میںآ باد دیگر طبقات اورمختلف قبائل کے لوگوں پر حملوں سے عام لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس دکھ درد کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہے جس کا اس وقت بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات سے متاثرہ خاندانوں کوسامنا ہے ہمارے مرکزی قائدین سے لے کر عام کارکنوں تک بے شمار لوگ ان اندھے واقعات میں نشانہ بنے حکومت کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل حل کرے انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے ہمارے پرامن معاشرے کوا نتہاپسندی اور دہشت گردی کی ایک ایسی آگ میں دھکیلنے کی کوششیں ہورہی ہیں جس کا نتیجہ بہت خطرناک ہوگا ان سازشوں کو معاشرے کے تمام طبقات مل کرناکام بناسکتے ہیں اس وقت ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور برادر اقوام کے مابین محبت اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے نہ صرف خود پرامن جمہوری جدوجہد کی ہے بلکہ حقوق کے حصول کے لئے ہمیشہ پرامن اور جمہوری جدوجہد کرنے والی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی یکجہتی کااظہار کیا ہے ہم آج متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کے لئے آئے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پارٹی ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے ۔ دریں اثنا صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی قیادت میں اے این پی کے نمائندہ وفد نے منگل کے روز ا ، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں ماما قدیر .این ٹی ایس پاس ایکشن کمیٹی اور بلوچستان کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کے لگائے گئے احتجاجی کیمپوں کا بھی دورہ کیا مظا اور ان سے یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی منظوری کامطالبہ کیا ۔