راؤ انوار بیمار ہوگئے

بدھ 2 مئی 2018 13:49

راؤ انوار بیمار ہوگئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) نقیب اللہ قتل کیس میں مرکزی ملزم رائو انوار بدھ کو بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم ملزم کی بیماری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کردیا گیا۔کراچی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر ڈی ایس پی قمراحمد سمیت 11 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم سابق ایس ایس پی رائو انوار کی پیش نہیں کیا جاسکا۔

(جاری ہے)

جیل حکام نے رائو انوار کی بیماری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ وہ بیمار ہوگئے ہیں انہیں لوز موشن اور شوگر کا مرض لاحق ہے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ رائو انوار کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں ہرصورت پیش کرنے کی ہدایات کی اور کہاکہ اگر سابق ایس ایس پی ملیر کو آئندہ سماعت پر پیش نہ کیا گیا تو میڈیکل ٹیم کو طلب کریں گے۔۔عدالت نے تفتیشی افسر ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی عدم پیشی پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور انہیں فوری طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ بتایا جائے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کیا اقدامات اٹھائے۔ عدالت نے سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی۔