دفاعی بجٹ میںمعمولی اضافہ پر اعتراض کرنے والے زمینی حقائق سے لا علم ہیں، تاجر رہنماشاہد رشید بٹ

بدھ 2 مئی 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ دفاعی بجٹ میںمعمولی اضافہ پر اعتراض کرنے والے زمینی حقائق سے لا علم ہیں۔ دفاعی بجٹ میںدس فیصد اضافہ پر شور مچانا ملکی مفادات کے خلاف ہے اور اگر ایسے عناصر کو موجودہ صورتحال اور ملک و قوم کو لاحق سنگین خطرات کا اندازہ ہوتا تو ان کی رائے مختلف ہوتی۔

بدھ کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی بجٹ اب بھی بھارت کے باون ارب ڈالر کے فوجی بجٹ کا بیس فیصد بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کا دفاعی بجٹ 998 ارب روپے تھا جسے بڑھا کر 1100 ارب روپے کیا گیا ہے جو کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز اور عالمی سازشوں سے نمٹنے کیلئے ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عالمی قوتیں پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہیں اور وہ ہر قیمت پر سی پیک کو ناکام بنانا چاہتی ہیںجن کا مقابلہ کرنے کے لئے مزید وسائل کی ضرورتہے۔

انھوں نے کہا کہ افواج ملک کے طول و عرض میںامن اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششوں کے علاوہ جانی قربانیاں بھی دے رہی ہیں جبکہ انھیں جی ڈی پی میں سے 3.2 فیصد مل رہا ہے جبکہ بھارت سمیت پچاس سے زیادہ ممالک دفاع پر اس سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں مگر ان ممالک میں اسے متنازعہ نہیں بنایا جاتا۔