ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی پولی تھین بیگزکے خلاف بڑی کارروائی ،1ٹن برآمد کرلئے

بدھ 2 مئی 2018 21:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میںڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز صاحبزادہ سمیع اللہ اور عباس خان آفریدی نے الگ الگ کارروائیوں میں 1ٹن کے قریب پلاسٹک کے مضر صحت اور ماحول دشمن شاپنگ بیگز برآمد کرلئے۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دکانداروں اور اس کاروبار سے وابستہ افراد کو 1 ماہ قبل ان شاپنگ بیگز ختم کرنے کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

سمیع اللہ نے شرقی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 600کلوگرام پولی تھین بیگزبرآمد کرکے قبضے میں لے لئے جبکہ اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان بھی ریکارڈ روم کے حوالے کردیا گیا۔اس موقع پرسمیع اللہ کا کہنا تھاکہ مذکورہ علاقے کے دکانداروں کو ایک ماہ قبل شاپرز کے خاتمے کے لئے ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عباس خان آفریدی نے کوہاٹ شہرکے مختلف حصوںمیں کارروائی کرتے ہوئے 300کلوگرام پولی تھین بیگزبرآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

انہوں نے اس موقع پر 54دکانوں کا معائنہ کیااور خلاف ورزی پر32دکانداروں کو جرمانہ کیا۔ دریں اثناء ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سمیع اللہ نے ایس ڈی او پبلک ہیلتھ عارف خان کے ہمراہ موقع پر جاکریونین کونسل ڈوھوڈہ شریف کے علاقے شادی خیل میں 4ہزار فٹ طویل پائپ لائن کی مرمت کراکر علاقے میں پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کرادیا۔