پی ٹی آئی کا 11 نکاتی ایجنڈہ تبدیلی کی طرح عوام کو دھوکہ دینے کی سازش

ہے،سکندرشیرپائو

بدھ 2 مئی 2018 22:56

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا گیارہ نکاتی ایجنڈہ تبدیلی کی طرح صوبہ کے عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے کی سازش ہے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کی تبدیلی اور پانچ سالہ کارکردگی دیکھ چکی ہیں اور آنے والے انتخابات میں ان کو بری طرح مسترد کرکے اہل اور سنجیدہ قیادت کو سامنے لائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہادر کلے ضلع پشاور میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر علاقہ کے نامی گرامی سیاسی و سماجی شخصیت اسفندیار ظہورخان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت اور پایسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت عوام کے اعتماد کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائے گی اور اپنی روایت کے مطابق پختونوں اور صوبہ کے حقوق و تحفظ اور خطہ میں امن کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے ہر فورم اور ہر محاذ پر اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ہر سطح پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اوران کی غیر سنجیدگی کا یہ حال ہے کہ پہلے توپشاور بیوٹیفیکیشن کے نام پر قوم کا پیسہ پانی کی طرح بہایا اور پھر ایک بے وقت اور بغیر منصوبہ بندی کے بی آر ٹی کے نام پر ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرکے پشاورکو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ۔ انھوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پختونوں پر ناپختہ سوچ رکھنے والے حکمران مسلط ہوئے جنہوں نے صوبہ کواتنا نقصان پہنچایا جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

سکندر شیرپائو نی پشاور میں تیز آندھی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کی بھرپور دادرسی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر کیو ڈبلیو پی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان، ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی محمد شفیع دائودزئی،جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان اور دیگر عہدیدار اور پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔