ایم کیو ایم حقیقی نے 6مئی کے لیاقت آباد کے جلسہ عام کیلئے ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد اور پی آئی بی گروپ کو شرکت کی دعوت دے دی

بدھ 2 مئی 2018 23:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی)نے 6مئی کے لیاقت آباد کے جلسہ عام کے لئے ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں بہادرآباد اور پی آئی بی گروپ کو شرکت کی دعوت دے دی،مہاجر قومی موومنٹ کے چارکنی وفد نے بدھ کو ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنماں اور پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں ایک دوسرے سے رابطوں کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا اور شہر میں امن و امان کے فروغ کے لئے رابطوں کے سلسلے کو مزید فروغ دیا جائے گا، بہادرآباد اور پی آئی بی گروپوں کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی کہ رابطہ کمیٹی کی مشاورت کے بعد چھ مئی کے جلسہ عام میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو مہاجر قومی موومنٹ کے ایک چاررکنی وفدجس کی قیادت مرکزی رہنما نعیم حشمت کر رہے تھے وفد میں شاہد فراز،کامران رضوی، تنو یر قریشی شامل تھے نے ایم کیو ایم بہادرآباد کے دفتر میں رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق اور دیگر رہنماں سے ملاقات کرکے انھیں مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے 6 مئی کو لیاقت آباد میں منعقد کئے جانے والے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی، اس کے بعد وہ ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائشگاہ پر گئے اور انھیں بھی ایم کیو ایم حقیقی کے لیاقت آباد کے جلسے کی دعوت دی۔

نعیم حشمت نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم بہادرآباد اور پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ سیاسی تناظر میں ایک دوسرے سے رابطوں کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گااور شہر میں امن و امان کے فروغ کے لئے رابطوں کے سلسلے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں گروپوں کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد جلسے میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں نعیم حشمت نے کہا کہ پی ایس پی کو جلسے میں شرکت کی دعوت اس لئے نہیں دی جائے گی کیوںکہ جو لوگ مہاجر نعرے کے ساتھ کھڑے ہیں انھیںہی جلسے میں بلایا جائے گا۔