سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا سیالکوٹ پہنچنے پر والہانہ استقبال

بدھ 2 مئی 2018 23:51

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے آبائی شہر سیالکوٹ پہنچے پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں اور عہدیداران نے جگہ جگہ استقبال کیا اوراستقبال میں رکن قومی اور صوبائی اسمبلی سمیت یو سی چیئر مین کے علاوہ پارٹی کارکنوں نے خواجہ آصف کی حمایت میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔

سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی سیالکوٹ آمد پر انکے پرتپاک استقبال کیلئے رکن پنجاب اسمبلی گلناز پاشا،جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شجاعت علی پاشانے دوبرجی ڈسکہ روڈپر پھولوں کی مالا پہنا کر انکا والہانہ استقبال کیاجبکہ کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر خواجہ محمد آصف سے اپنی محبت کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

یوسی چیئرمین تلواڑہ مغلاں شیرعلی خان اورسینئر راہنما شان خان نے کارکنوں اور اہل علاقہ کی معزز شخصیات کے ہمراہ ایک بڑی ریلی نکالی اور شیر مولا تالاب پر انکا پھر پور نعروں اور پھلوں کی پتیاں نچھاور کرکے انکا پرتپاک استقبال کیاجبکہ خواجہ محمدآصف نے سیالکوٹ آمد پر والہانہ استقبال کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

خواجہ محمد آصف کے سیالکوٹ آمد پر انکے ہمراہ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔قافلے میں چیئرپرسن حنا ارشد وڑائچ سمیت رکن قومی و صوبائی اسمبلی نے بھر پور شرکت کی۔خواجہ محمد آصف کے سیالکوٹ آمد پرڈپٹی مئیر چوہدری بشیر، یوسی چیئرمین رفیق مغل،یو سی چیئرمین عمر عابد بٹ نے حاجی پورہ چوک میں آتشبازی کی جبکہ صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ نے امام صاحب روڈ پر استقبال کیا۔ رنگپورہ چوک میں سابق مئیر اورچیئرمین اورنگزیب شاہ سمیت متعدد پارٹی راہنمائوں نے خواجہ محمد آصف کی آمد پر انکا شاندار استقبال کیاجبکہ قافلے میں ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے پارٹی نغموں سے کارکنوں کو خوب گرمایہ گیا۔