امریکا پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل چاہتا ہے۔ترجمان محکمہ خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 مئی 2018 13:00

امریکا پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل چاہتا ہے۔ترجمان محکمہ خارجہ
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 مئی۔2018ء) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان برائے جنوبی ایشیا ہیلینا وائٹ نے کہاہے کہ امریکا، پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل چاہتا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ہمارا شراکت دار ہے،پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹرویو میں ہیلینا وائٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کی نئی حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال سے جو کچھ ہورہا ہے وہ صحیح نہیں، پاکستان بھی نئی حکمت عملی میں مل کر کام کرے تو پاکستان اور خطے کے لیے کامیابی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان، پاکستان اور جنوبی ایشیاءکے حوالے سے نئی امریکی پالیسی کا اعلان کیا تھاجس میں امریکی صدر نے ایک طرف تو پاکستان پر دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کا الزام دہرادیا تھا، تو دوسری طرف افغانستان میں مزید امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی راہ ہموار کرتے ہوئے امریکا کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کے وعدے سے بھی مکر گئے تھے۔