مرتضیٰ جاوید عباسی اور سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے حویلیاں کے عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے، ملک حبیب الرحمن

جمعرات 3 مئی 2018 14:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق ناظم حویلیاں ملک حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے حویلیاں کے عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے، مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں نے حویلیاں میں جتنے ترقیاتی کام کروائے ہیں اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔

حویلیاں کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیں گے، چور دروازے سے داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کا عوام احتساب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رئیس شہر حویلیاں ملک حبیب الرحمن نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی اور رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے حلقہ کے عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے، حویلیاں کا کوئی گائوں ایسا نہیں جو موجودہ دور میں ترقیاتی کام سے محروم رہا ہو، مسلم لیگ (ن) کو عوام نے جس مقصد کیلئے ووٹ دیئے وہ مقصد عوام نے حاصل کر لیا ہے اور آئندہ بھی حویلیاں کے عوام مسلم لیگ (ن) کا ہی ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سازشیں کرنے والوں کے بہکاوے میں عوام کسی صورت نہیں آئیں گے، حویلیاں کے عوام باشعور ہیں اور ان کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔ آئندہ آنے والا دور بھی مسلم لیگ (ن) کا ہی ہو گا اور عوام سازشیں کرنے والوں کا محاسبہ کر کے نشان عبرت بنائیں گے۔