پی ٹی آئی کے جلسے میں شاہ محمود قریشی کے الفاظ پر تنقید ، شاہ محمود قریشی کا رد عمل آ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 مئی 2018 15:22

پی ٹی آئی کے جلسے میں شاہ محمود قریشی کے الفاظ پر تنقید ، شاہ محمود قریشی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 مئی 2018ء) : 29 اپریل کو اقبال پارک میں پی ٹی آئی کے جلسے نے خوب داد سمیٹی لیکن اس جلسے سے خطاب کے دوران پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی نے لبیک اللھم لبیک کہا جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور سوشل میڈیا صارفین سمیت کئی علما نے شاہ محمود قریشی سے معافی کا مطالبہ کیا۔ اپنے اوپر ہوئی تنقید پر رد عمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں شاہ محمود قریشی اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر حلفیہ طور پر کہتا ہوں کہ لاہور پی ٹی آئی جلسے میں میرے الفاظ لبیک اللھم لبیک غیر ارادی طور پر سبقت لسانی کے تحت ادا ہوئے۔

کوئی مسلمان یہ تصور بھی نہیں کر سکتا کہ کسی انسان کے لیے یہ الفاظ استعمال کرے۔ بعض علما کرام نے اس سلسلے کی جانب میری توجہ مبذول کروائی ہے۔

(جاری ہے)

میں ان الفاظ کی ادائیگی پر ان سے رجوع کرتے ہوئے اللہ رب العزت کی بارگاہ میں توبہ استغفار کرتا ہوں۔ رب کریم و رحیم مجھے معاف فرمائے۔ غیر قصداً اور فیر ارادۃً ادا کیے گئے ان الفاظ سے جب حضرات کی دل شکنی ہوئی ان سے بھی میں معذرت کا درخواستگزار ہوں۔

میں علمائے کرام کا از حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ان الفاظ کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے شرعی نقطہ نظر اور جذبہ خیر خواہی کے تحت میری رہنمائی کی۔ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعاگو ہوں کہ وہ حضور سرور کائناتﷺ کے وسیلے سے ہم سب کی خطاؤں اور لغزشوں کو معاف فرمائے۔ اور ہمیں ہمیشہ صراط مستقیم پر گامزن رکھے ۔ آمین ۔ شاہ محمود قریشی کے اس پیغام اور معافی پر سوشل میڈیا صارفین اور علمائے کرام نے ان کے اس اقدام کو خوب سراہا۔