دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 مئی 2018 15:35

دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 مئی۔2018ء) سپریم کورٹ میں دانیال عزیزکے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے،جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ ملزم عدلیہ کا ہمیشہ فیورٹ چائلڈ ہوتا ہے، دانیال عزیز عدالت کے فیورٹ چائلڈ ہیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت دانیال عزیز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل عدالتی توہین کے مرتکب نہیں ہوئے، عدالت عظمیٰ ایک آئینی ادارہ ہے اور دانیال عزیز نے عدالتی فیصلوں پر تنقید کی تھی۔اس موقع پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ دانیال عزیز پر فرد جرم عدالتی فیصلوں پر تنقید کرنے پر دائر نہیں کی جس پر دانیال عزیز کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ان کے موکل نے کسی جج سے متعلق کوئی تضحیک آمیز بیان نہیں دیا۔جسٹس عظمت نے دانیال عزیز کو 'عدالت کا فیورٹ چائلڈقرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں صفائی کا موقع دیں گے، ایسے فیصلہ نہیں کریں گے۔اس موقع پر سماعت مکمل ہوجانے کے بعد عدالت نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔