لاہور نالج پارک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری کی تقرری کیخلاف درخواست پر چیف سیکرٹری کو نوٹس

ڈاکٹر زبیر اقبال عہدے کے معیار اورشرائط پر پورا نہیں اترتے ہیں،انکا تقرر سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے‘ درخواست گزار کا الزام

جمعرات 3 مئی 2018 17:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور نالج پارک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری کی تقرری کیخلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

مقامی شہری اسد جمال کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور نالج پارک کمپنی کے سربراہ کا تقرر صرف بورڈ آف ڈائریکٹرز ہی کر سکتا ہے لیکن ڈاکٹر زبیراقبال کا تقرر قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کیا گیا ۔

ڈاکٹر زبیر اقبال اس عہدے کے معیار اورشرائط پر پورا نہیں اترتے ہیں،انکا تقرر سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ڈاکٹر زبیر اقبال کا تقرر کالعدم قرار دیا جائے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔