اٹک بسال روڈ پر بس کے قریب مبینہ دھماکہ، صوبے بھر میں سیکورٹی اقدامات مزید سخت کئے جائیں، آئی جی سندھ

جمعرات 3 مئی 2018 20:47

اٹک بسال روڈ پر بس کے قریب مبینہ دھماکہ، صوبے بھر میں سیکورٹی اقدامات ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اٹک بسال روڈ پر بس کے قریب مبینہ بلاسٹ کے تناظر میں صوبائی سطح پر مجموعی سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے احکامات تمام ڈی آئی جیز کو جاری کردیئے ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اہم مقامات بشمول حساس تنصیبات، سرکاری نیم سرکاری دفاتر، عمارتوں، ریلوے اسٹیشنز، ایئر پورٹس، بس ٹرمینلز وغیرہ، تفریحی پارکس، ودیگر مقامات، فاسٹ فوڈ چینز، ہوٹلز، سمیت تمام صنعتی وتجارتی زونز، شاپنگ سینٹرز، بچت بازاروں، مارکیٹوں اور باالخصوص اہم روٹس / شاہراہوں پر سکیورٹی کے جملہ اقدامات کو انتہائی سخت اور غیرمعمولی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ مشکوک سرگرمیوں اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کے سلسلے میں علاقہ انٹیلی جنس نظام کو ہر سطح پر مؤثر بنایا جائے اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں / انٹیلی جینس ایجنسیوں سے روابط کو مضبوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ خفیہ معلومات / اطلاعات کی شیئرنگ سے فوری اور بروقت انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں میں اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ اقدامات اس طور ترتیب دیئے جائیں کہ تھانہ جات کی حدود میں قائم مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، مزارات، درگاہوں سمیت اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات کی بھی سکیورٹی کو غیرمعمولی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ جملہ سکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد تمام ضلعی ایس ایس پیز اپنی نگرانی میں کرائیں گے جبکہ ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجودگی اور وقتاً فوقتاً ڈپلائمنٹ پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ کا بھی پابند بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :