اسلام آباد ،بچوں پر جنسی تشدد اور منشیات سے بچائو کے بار ے سیمینار کا انعقا د

بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام اور منشیات کے استعمال سے بچائو کے لئے آگاہی مہم بہت ضروری ہے ہم نے تہیہ کر رکھا ہے اسلام آباد اور خصوصا تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے،آئی جی پی اسلام آباد

جمعرات 3 مئی 2018 22:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) بچوں پر جنسی تشدد اور منشیات سے بچائو کے حوالے سے پوسٹ گریجویٹ کالج فار کامرس ایچ ایٹ میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری ،ڈائریکٹر ایف ڈی ای عنبر سلطانہ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد ،اسلام آباد کے سکول و کالجز کے پرنسپلز،پروفیسر ز،طلباء و طالبات کے علاوہ کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈویژن کے ممبران ،سی ڈی اے کے افسران نے شرکت کی ۔

آئی جی اسلام آباد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے سکول و کالجز میں بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام اور منشیات سے بچائو کے حوالے سے ایک مہم شروع کی ہوئی ہے جس میں اسلام آباد پولیس کی ایجوکیشن ٹیم مختلف تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے لیکچرز دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام اور منشیات کے استعمال سے بچائو کے لئے آگاہی مہم بہت ضروری ہے ۔

آئی جی نے کہا کہ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ اسلام آباد اور خصوصا تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔اسلام آباد پولیس نے ضلع بھر میں منشیات اور سوشل کرائم کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون بھی شروع کیا ہوا ہے ۔ہم نے اپنے نئی جنریشن کو اس ناسور سے بچانا ہے ایسے تمام عناصر جو اس گھنائونے کام میں ملوث ہیں ان کو پکڑ ا جائے گا اور اس حوالے سے آپ سب کا تعاون بہت ضروری ہے ۔

آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے طلباء میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لئے بچوں کا میڈیکل چیک اپ کروانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا کیونکہ ایسے بچے جو منشیات کا استعمال کرتے ہیں لیکن ان کا پتہ نہیں چلتا اور جب پتہ چلتا ہے تو بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے ایسے بچوں کو اس ناسو ر سے بچایا جا سکے ۔ اور اس میڈیکل چیک مہم میں اساتذہ کرام کی مدد کی ضرورت ہو گی ۔

آئی جی نے مزید کہا کہ بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام میں کے لئے ایک حفاظتی سنٹر قائم کیا گیا ہے جس میں 8090ہیلپ لائن بھی مہیا کی گئی ہے جس پر کسی بھی ایسی صورت میں کال کی جا سکتی ہے پولیس پانچ سے سات منٹ میں ریسپانس کرے گی اور لائر ،سائیکالوجسٹ ،ڈاکٹر اور لیگل ٹیم گھر کی دہلیز پر خدمات مہیا کرے گی ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے یہ آگاہی مہم ایک انتہائی قابل تحسین اقدام ہے اس سلسلہ میں اسلام آباد انتظامیہ بھی پولیس کی بھرپور مدد کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔۔۔