کولیسٹرول سے بچائو کیلئے کوشت کی بجائے دالوں کا استعمال یقینی بنایا جائے، غذائی ماہرین

جمعہ 4 مئی 2018 12:45

فیصل آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے غذائی ماہرین نے تازہ ترین تحقیق کے بعد انکشاف کیا ہے کہ ملک میں کولیسٹرول کے مریضوں کی تعداد میں زبر دست اضافہ ہو رہا ہے اور ان مریضوں کی زیادہ تر تعداد ان لوگوں پر مشتمل ہے جوگوشت کا بے جا استعمال کرتے ہیں لہٰذاکولیسٹرول کے مریضوں سمیت عوام الناس کو چاہیے کہ وہ گوشت کی بجائے دالوں کا استعمال زیادہ کریں کیونکہ دالوں میں گوشت کے برابر پروٹین اور لحمیات ہوتی ہیں جبکہ دالوں میں کولیسٹرول صرف 2 فیصد اور گوشت میں 25سے 28 فیصد تک ہوتا ہے لہذا کولیسٹرول سے بچنے کیلئے ہفتہ میں صرف ایک روز گوشت کا استعمال کیا جائے ۔

(جاری ہے)

غذائی ماہرین نے بتایا کہ موسم گرما میں سلاد ، تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال اشد ضروری ہے تاہم گلے سڑے پھلوں ، باسی سبزیوں اور زیادہ وقت کیلئے کاٹ کر رکھے گئے سلاد کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ پانی ابال کر گھروں میں استعمال کرنے کے علاوہ ریفریجریٹرز میں برف جمانے کیلئے بھی ابلا ہوا پانی استعمال کیا جائے تاکہ جسم کا نظام غیر متوازن ہونے کا خدشہ نہ رہے۔

متعلقہ عنوان :