صوبہ پنجاب میں مختلف ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 9 ارب روپے سے زائد کی منظوری

جمعہ 4 مئی 2018 15:56

صوبہ پنجاب میں مختلف ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 9 ارب روپے سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی62ویںاجلاس میں مختلف سیکٹرز کی4 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب 83کروڑ 4لاکھ 59 ہزار روپے کی منظوری دی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران ، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ محمد اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کی62ویں اجلاس میںجن4ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرام کیلئے پروگرام مینجمنٹ یونٹ (PMU) کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے 99 کروڑ 68 لاکھ 38 ہزار روپے، لیپ ٹاپ کی فراہمی (ترمیمی) کیلئے 6 ارب 63 کروڑ 71 لاکھ 97 ہزار روپے، بہاولنگر میں ہکرہ برانچ کی اپ گریڈیشن کیلئے 98 کروڑ 61 لاکھ 4 ہزار روپے اور ضلع جہلم میں پنڈوری ڈیم کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 21 کروڑ 3 لاکھ 20 ہزار روپے شامل ہیں۔