وی آئی پی پروڈکشن کے زیر انتظام " کھیلو اور جیتو " گیم شو کا انعقاد

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 4 مئی 2018 15:31

وی آئی پی پروڈکشن کے زیر انتظام " کھیلو اور جیتو " گیم شو کا انعقاد
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء نمائندہ خصوصی،خرم خان،ریاض سعودیہ) وی آئی پی پروڈکشن کے نوجوانوں خاص کر عمیر شیخ اور اسکی پوری ٹیم کی کوشش رنگ لائی اور اہلیان ریاض کو انہوں نے " کھیلو اور جیتو " گیم شو کا انعقاد ممکن بنا دیا، اپنی نوعیت کا یہ پہلا گیم شو تھا جس میں دھنک کے رنگوں کی طرح سبھی رنگ نمایاں تھے،سحر پارک میں منعقدہ گیم شو کو دیکھنے کے لئے سینکڑوں مردو خواتین کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی،ایک جانب مستی کے لئے جھولے موجود تھے تو دوسری جانب پاکستانی پکوانوں کے سٹال جن پر روایتی کھانوں نے خوب مزہ دوبالا کیا،اور پھر شروع ہوا کھیلو اور جیتو گیم شو جس کے اسٹیج پر مردو خواتین اور بچوں کے جیتنے کے کئی انعامات رکھے گئے تھے،وی آئی پی پروڈکشن کے ڈاریکٹر عمیر شیخ نے سٹیج پہ آتے ہی ایسا رنگ جمایا کہ ہنسی اور مذاق کا جیسے سمندر امڈ آیا ہو، ہر چہرے پر ان کی باتوں سے مسکراہٹ کے علاوہ جوش وجذبہ بھی بیدار ہو رہا تھا، جس سے گیم شو آغاز سے ہی پرجوش نظر آیا، پاکستانی ڈھول کی تھاپ نے شرکاء کو ایسا جکڑا کے منچلے نوجوان بھنگڑا ڈالے بنا نا رہ سکے، پھر شروع ہوا ایک ایسا گیم شو جس کو مدتوں یاد رکھا جائے گا، بچوں کی مختلف گیمز میں جیتنے والے بچوں نے انعامات حاصل کیے تو پھر باری آئی شادی شدہ نئے جوڑوں کی جھنوں نے بھی مختلف گیمز میں اپنے جوہر آزمائے اور ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کہ کوشش کرتے رہے اور جیتنے کے بعد پیش قیمت انعامات بھی جیت کر اسٹیج سے روانہ ہوئے، نوجوان نے کبھی گانا گا کر اور کبھی مشکل اور آسان سوالات کا جواب دے کر انعامات اپنے نام کیے، گیم شو کا ہر لمحہ قابل قدر رہا،وی آئی پی پروڈکشن کے ڈاریکٹر عمیر شیخ نے بتایا کہ جیسے ہی سعودی گورنمنٹ نے انٹرٹینمنٹ کے حوالے سے اجازت دی تو انہوں نے بھی گیم شو کے آئیڈیا کو عملی جامہ پہنانے کی ٹھان لی جس میں وہ سعودی گورنمنٹ کا بہت مشکور ہیں کہ ان کی اجازت سے اتنا کامیاب گیم شو منعقد ہو سکا، وی آئی پی کے دیگر ارکان جن میں وقار نسیم وامق، عادل شیخ، نافع حسین، فیصل باجوہ، بلال ارشد اور دیگر نے " اردو پوائنٹ " کو بتایا کہ ہمارا مقصد پاکستانی کیمونٹی کو اچھی اور معیاری تفریح مہیا کرنا تھا جس میں ہم یوں کامیاب ہوئے ہیں کہ نا صرف پاکستانی بلکے سعودی شہریوں نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی ہے جوکہ ہمارے لئے قابل فخر بات ہے، اس کے علاوہ نالج کور کے روح رواں عامر شہزاد، مدینہ مارکیٹ، کریم، چوہدری نصیر، تصدق گیلانی، مبین چوہدری اور دیگر افراد نے بھرپور تعاون کیا ،وی آئی پی پروڈکشن کے ارکان کا کہنا تھا کہ ان کی آئندہ بھی بھرپور کوشش ہوگی کہ اسی طرح کیمونٹی کے لئے رنگارنگ پروگرام ترتیب دیتے رہیں تاکہ دیار غیر میں وطن سے دوری کا احساس کم ہو

متعلقہ عنوان :