راول جھیل کو آلودگی سے بچانے کے لئے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری ، سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی

جمعہ 4 مئی 2018 17:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے راول جھیل کو آلودگی اور مضر صحت اجزا سے بچانے کے لئے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ہے ۔جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست گزار پیر سید فدا حسین ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

عدالت نے اس حوالے سے سیکریٹری ماحولیاتی تبدیلی،چئیرمین سی ڈی اے،میئر اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد سمیت دیگر سے جواب طلب کر لیا ۔ فاضل جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ چئیرمین سی ڈی اے کے غیر قانو نی اقدامات کی وجہ سے راول جھیل کا یہ حال ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بنی گالہ،بہارہ کہو،ملپور،پھلگراں ودیگر علاقوں کے سیوریج کا پانی راول جھیل میں ڈالا جارہا ہے ،گورنگ نالہ کے اردگرد 170 پولٹری فارمز کا فضلہ بھی راول جھیل میں شامل ہورہا ہے ، مچھلیاں پکڑنے کا کمرشل ٹھیکہ دیا گیا جس سے مچھلیوں کی خوراک راول جھیل کو مضر صحت بنارہی ہے ، جس بنیادی انسانی حقوق کے آرٹیکل 9 اور 14 کی خلاف ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت سی ڈی اے،وزارت ماحولیاتی تبدیلی،اسلام آباد انتظامیہ ودیگر کو فوری اقدامات اٹھانے کا حکم دے ۔عدالت نے درخواست کی سماعت دوہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :