نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ملک پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کر سکتا ہے ،ْشیخ عامر وحید

حکومت نوجوانوں کی بہتر ترقی کیلئے سازگار پالیسیاں تشکیل دے ،ْ صدر چیمبر آف کامرس

جمعہ 4 مئی 2018 21:32

نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ملک پائیدار اقتصادی ترقی حاصل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ نوجوان ملک کا عظیم سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کر سکتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت نوجوانوں کی بہتر ترقی کیلئے سازگار پالیسیاں تشکیل دے اور انہیں تعمیری سرگرمیوں میں مصروف کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کی حالیہ نیشنل ہومین ڈیولپمنٹ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے کیونکہ اس کی کل آبادی کا 64فیصد تیس سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان کی 29فیصد آبادی 15سے 29سال کے نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیاء میں افغانستان کے بعد نوجوان آبادی والا دوسرابڑا ملک ہے۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ اگر نوجوانوں پر بہتر توجہ دی جائے اور ان کی صلاحیتوں کو ملک کے بہتر مفاد میں استعمال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تو ہمارے نوجوان پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے سازگار پالیسیاں نہ تشکیل دی گئی اور ان کو نظر انداز کیا گیا تو یہی نوجوان ہماری معیشت پر ایک بوجھ بن سکتے ہیں جس کے ملک کیلئے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا حکومت کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کی خاطر شعبہ تعلیم کیلئے زیادہ بجٹ مختص کرے کیونکہ مذکورہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو نوجوانوں کی تعلیم پر بہت کم پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے اور ان کی سکل ڈیولپمنٹ و پیشہ وارانہ تربیت پر زیادہ توجہ دے تا کہ ہمارے نوجوان ہنر منداور تربیت یافتہ بن کر ملک و قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ پیشہ وارانہ افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے سی پیک منصوبوں کیلئے چین سے افرادی قوت درآمد کی جا رہی ہے جس سے ہمارے ملک میں بے روزگاری کا مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے۔ لہذا انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سی پیک منصوبوں میں افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہمارے نوجوانوں کو مطلوبہ ہنر مندی اور تکنیکی تربیت فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے تا کہ ہمارے نوجوان ان منصوبوں میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل کریں جس سے بے روزگاری کم ہو گی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر حکومت نے نوجوان آبادی کی صلاحیتوں کو ملک کے بہتر مفاد میں بروئے کار لانے کیلئے مطلوبہ کوششیں نہ کیں تو یہی نوجوان شر پسند عناصر کے آلائے کار بن سکتے ہیں جس سے ملک میں امن وامان کے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ لہذا نہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر نوجوانوں کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرے اور ان پر خصوصی توجہ دے تا کہ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لا کر ملک کو ترقی و خوشحالی نئی راہوں پر گامزن کر سکیں۔