مذہبی اجتماعات کی جگہوں ، قبرستانوں میں صفائی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے،میئر سکھر

جمعہ 4 مئی 2018 22:34

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سینی ٹیشن افسران و اسٹاف کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ شہر کی ہر یونین کونسل ، اہم مقامات ، بازاروں ، مساجد ، امام بارگاہوں ، مذہبی اجتماعات کی جگہوں ، قبرستانوں میں صفائی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے، ہر علاقہ کا سینیٹری انسپکٹر اپنے علاقے میں نہ صرف صفائی ستھرائی کا ذمہ دار ہوگا بلکہ کچرا کنڈیوں سمیت جمع ہونے والا کچرا بھی روزانہ اٹھایا جائے اس کے لئے لوڈر، کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کا موثر استعمال کیا جائے، ہر سینیٹری انسپکٹر اپنے علاقہ کا روزانہ وزٹ اور دیکھ بھال اپنے روز مرہ کے معمولات میں شامل کرے جبکہ چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر (سینی ٹیشن ) آصف علی خان اور چیف سینیٹری انسپکٹر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ تمام یونین کونسلوں کا روزانہ وزٹ کر کے صفائی ، کچرا اٹھانے ، نالیوں ، گٹرز کی صفائی کا جائزہ لیں ،جہاں کہیں بھی شکایت ملے اس کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ہفتہ وار تحریری رپورٹ میئر سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں ، کسی بھی علاقہ میں صفائی کی شکایات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا جبکہ یونین کونسلوں کے چیئرمین صاحبان سے بھی مشاورت کریں اور ان کو بھی مطمئن کریں جس علاقہ کا بھی وزٹ کریں وہاں کے مکینوں ، دکانداروں سے بھی مل کر معلومات حاصل کریں ، صفائی ستھرائی کے سلسلے میں ان ہدایات کی روشنی میں گزشتہ 2 دنوں میں چیف آفیسر انکے افسران نے ان علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جہاں گندا پانی کھڑا ہوا ہے یا کچرا زیادہ جمع ہوگیا ہے ، یو سی 3 میں ایکسیویٹر سے مکمل صفائی کی گئی جبکہ جمعہ کی نماز کے لئے ہر مسجد کے اطراف صفائی کی گئی اور کچرا اٹھالیا گیا ، یو سی 5 باغ حیات علی شاہ میں صفائی کی ناقص صورتحال کو جلد از جلد بحال کرنے پر کام شروع کردیا گیا ، میانی روڈ سے 24 گھنٹے میں کچرا ، ملبہ اٹھانے کی ہدایت کی گلشن اقبال شر چوک سے بجارانی چوک تک 100 سالہ دیرینہ مسئلہ گندے پانی کے جوہڑ کا جلد خاتمہ کرنے کے لئے عملی اقدامات شروع کردیئے ہیں ، نالوں کی ڈی سلٹنگ کی جارہی ہے اس سلسلے میں ہائی ویز ڈپارٹمنٹ بھی کام کررہا ہے ، نالہ سے پتھر، کچرا نکالا جارہا ہے آئندہ چند دنوں میں صورتحال میں بہتری لائی جائے گی ، خواتین کونسلرز غزالہ انجم ، قمر النساء کی یو سی 17 میں بھی ان کی رہنمائی میں صفائی ستھرائی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے جو 3 دنوں میں مکمل کرلیا جائے گا ، یو سی 19 سے قبرستان کا کچرا اٹھایا جارہا ہے، چیف آفیسر نے سپروائزری اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ ہر یو سی میں روزانہ صفائی کی جائے کچرا اسی روز اٹھایا جائے جس کے لئے ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے جبکہ کچرا کنڈیو ں پر چونا چھڑکا جائے نالوں ، نالیوں ، گٹرز اور گڑھوں سے گندا پانی نکالا جائے اس سلسلے میں ڈرینج انچارج مکمل طور پر اپنا کردار ادا کریں ، میئر سکھر نے ہدا یت بھی کی ہے کہ جو بھی سینٹری ورکرز بھرتی کئے گئے ہیں ان سے صفائی کرائی جائے جس پوسٹ پر جو بھرتی ہوا اس سے کام لیا جائے، غیر حاضر اسٹاف کو تنخواہیں ادا نہ کی جائیں ۔

علاوہ ازیں صرف وہ سینیٹری ورکرز ہی بھرتی کئے جائیں جو صفائی ستھرائی ، نالیوں کی صفائی کا عملی کام کرسکیں ۔ دریں اثناء اسکروٹنی کمیٹی بھی ایسے ملازمین کی اسکروٹنی سختی سے کررہی ہے تاکہ کام نہ کرنے والوں اور گھوسٹ ملازمین سے نجات مل سکے۔