سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فائر بریگیڈ کو مزید بہتر اور موثر بنایا جارہا ہے ، وسیم اختر

وفاقی اور سندھ حکومت فائربریگیڈ کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے فنڈز فراہم کرے،کراچی میں آبادی کے تناسب سے فائر اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے،میئرکراچی

جمعہ 4 مئی 2018 23:14

سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فائر بریگیڈ کو مزید بہتر اور موثر بنایا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فائر فائٹرز ہمارے لئے ہیروز کا درجہ رکھتے ہیں فائر فائٹرز آگ لگنے کی صورت میں اپنی جان پر کھیل کر انسانی جانوں اور املاک کو بچاتے ہیںجدید سہولیات نہ ہونے کے باوجود فائر فائٹرز کی خدمات نا قابل فراموش ہیں، فائر فائٹرز کا عالمی دن منانے کا مقصد اپنی جان کا نذرانہ دے کر دوسروں کی جان و مال کا تحفظ کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فائر بریگیڈ کو مزید بہتر اور موثر بنایا جارہا ہے وفاقی اور سندھ حکومت فائربریگیڈ کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے فنڈز فراہم کرے، یہ بات انہوں نے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں آبادی کے تناسب سے فائر اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے لہٰذا اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے، فائر فائٹرز کو ضروری مشینری، آلات اور جدید ساز و سامان فراہم کرنے کے لئے فنڈز مختص کئے ہیں تاکہ فائر بریگیڈ کے ارکان مزید بہتر انداز میں اپنا کام انجام دے سکیں، انہو ںنے کہا کہ دنیا بھر میں فائر فائٹرز کی خدمات کو اہمیت دی گئی ہے اور انہیں تمام ترضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاہم نامساعد حالات کے باعث ہمارے فائر فائٹرز جدید سہولیات کے بغیر بھی اپنا فرض نہایت خوش اسلوبی سے نبھا رہے ہیں جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ مختلف مواقع پر کئی فائر فائٹرز نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا جبکہ کئی فائر فائٹرز زخمی بھی ہوئے لہٰذا فائر فائٹرز کو جدید تکنیک سے مطابقت رکھنے والے حفاظتی آلات اور دیگر سہولیات کی فراہمی ضروری ہے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت سے درخواست بھی کرتے ہیں کہ فائربریگیڈ کے شعبے کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جائے کیونکہ کراچی جیسے بڑے شہر کو مضبوط فائربریگیڈ کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں کئی کمر شل اور صنعتی زونز ہیں جہاں کاروباری سرگرمیاں دن رات جاری رہتی ہیں جہاںاکثر آگ لگنے کے واقعات ہوتے ہیں اس کے علاوہ کراچی کے گنجان آباد علاقوں اور بلند و بالا عمارتوں میں آگ لگنے کی صورت میں شہری فائربریگیڈ کی طرف دیکھتے ہیں اور ان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ فائر بریگیڈ انتہائی سرعت کے ساتھ آگ لگنے کے مقام پر پہنچے اور کم سے کم وقت میں آگ بجھادی جائے فائر بریگیڈ کو جدید بنانے اور ان کی خدمات کا دائرہ شہر کے زیادہ سے زیادہ حصوں تک پھیلانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ فائر بریگیڈ کو مقامی سطح پر بہترین سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور انہیں اس قابل بنایا جائے کہ شہریوں کی ان سے وابستہ توقعات پوری ہوسکیں۔

#

متعلقہ عنوان :