امریکی فوج شام سے کبھی نہیں جائیگی،فرانس

داعش کو شکست دینا اولین ترجیح،امریکیوں کیساتھ ہمارا شام میں رہنا ضروری ہے،سربراہ فرانسیسیی فوج کا انٹرویو

ہفتہ 5 مئی 2018 15:10

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2018ء) فرانسیسی فوج کے سربراہ فرانسوا لیوکوانٹا نے کہا ہے کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ امریکی فوج داعش کا خاتمہ کرنے سے پہلے شام سے انخلا کرے گی۔ہفتہ کو ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے فرانسیسیی فوج کے سپہ سالار فرانسوالیوکوانٹا نے کہا کہ داعش کو شکست دینا میری اولین ترجیح ہے،اسی لئے سمجھتا ہوں کہ امریکیوں کیساتھ ہمارا شام میں رہنا ضروری ہے۔

امید نہیں کہ داعش کو شکست دیئے بغیر امریکی ملک چھوڑیں گے۔دوسری جانب فرانسیسی فوج کے سربراہ نے اپنے ملک کی اسپیشل ٹاسک فورس کو شام میں تعینات رکھنے کا عندیہ ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اسپیشل ٹاسک فورس سمیت داعش کے خاتمے کیلئے ہر طریقہ بروئے کار لائیں گے۔فرانس عمومی طور پر میدان جنگ میں اپنی ایلیٹ فورس کے استعمال سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

اپریل کے اواخر ہی میں امریکی وزیر دفاع جمیز میٹس نے انکشاف کیا تھا کہ پیرس نے شام میں اپنی اسپیشل ٹاسک فورس کی کمک بھیجی ہے۔امریکی حمایت یافتہ عرب کرد اتحاد پر مشتمل سیرئین ڈیموکریٹک فورس نے شام کے مشرقی علاقوں میں داعش کیخلاف کارروائی کے آخری مرحلے کا اعلان کیا تھا۔فرانسیسی فوجی قیادت کی جانب پیش کردہ اندازوں کے مطابق داعش کے 2000جنگجوں تنظیم کے آخری گڑھ میں مورچہ زن ہیں۔