میں نے اپنے دور اقتدار میں ترقی و خوشحالی کیلئے جو بھی منصوبے شروع کئے ان کا خاتمہ کوئی نہیں کرے گا ، سید مراد علی شاہ

میں جس مقام پر کھڑا ہوں، اس میں میرے والدین کا بڑا کردار ہے، ایم کیو ایم جتنی مرضی جلسے کرے ہم نے اجازت دے دی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 5 مئی 2018 19:17

میں نے اپنے دور اقتدار میں ترقی و خوشحالی کیلئے جو بھی منصوبے شروع کئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے اپنے دؤر اقتدار میں صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے جو بھی تعلیم وصحت کے شعبوں کی پالیسیز شروع کیں انکا خاتمہ کوئی نہیں کرے گا۔آج میں جس مقام پر کھڑا ہوں، اس میں میرے والدین کا بڑا کردار ہے، ایم کیو ایم جتنی مرضی جلسے کرے ہم نے اجازت دے دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نارائن جگن ناتھ ویدیا ہائی اسکول (این جے وی) کے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بغیر پروٹوکول کے این جے وی اسکول کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ٹریفک حکام کو گاڑی کے آگے پروٹوکول دینے سے منع کردیا، وزیراعلیٰ سندھ کے اسکول پہنچے پر اسکول انتظامیہ اور اساتذہ نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اسکول کے پرنسپل نے انہیں کلاسوں کا معائنہ بھی کروایا جہاں پر انہوں نے کورس کے متعلق بچوں سے بات چیت کی اور پیار بھی کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے طلباء کو نصیحتیں دیں اور کہا کہ طالب علم کی شخصیت سازی میں والدین اور استاد کے کردار کو برابر کا درجہ حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ کئی دنوں سے سوچ رہا تھا کہ این جے وی اسکول کا دورہ کروں لیکن مصروفیات کے باعث نہیں کرسکا، این جے وی کے طلباء پاکستان کے مسقبل کے معمار ہیں انھوں نے پوری دنیا میں کام کمایا، اس اسکول کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے جس نے بڑے بڑے سیاستدان، انجنیئر اور ڈاکٹرز اس ملک کو دیے اور وہ آج اپنا اور ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔

انہوں نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این جے وی اپنے وقت کا بہترین تعلیمی انسٹیٹوٹ تھا اور مجھے امید ہے کہ یہی روایت آج کے طلباء بھی برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی سڑکیں اور دیگر انتظامات دیکھ کر مجھے دلی و روحانی سکون پہنچا ہے اور مجھے بے انتہا خوشی ہوئی ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں بحال ہیں، ہماری نجی شعبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا اچھی مثال ہونے کا نتیجہ ہے، انھوں اسکول انتظامیہ کو یقین بھی دلایا کہ مزید حکومت سندھ آپ لوگوں کی مدد کرتی رہے گی