خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاکریک ڈائون،صوبہ بھر میں پندرہ سو لیٹر سے زائد زہر آلود دودھ تلف

ہفتہ 5 مئی 2018 21:03

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ کے خلاف کریک ڈان کا آغاز کرتے ہوئے صوبہ بھر میں پندرہ سو لیٹر سے زائد زہر آلود دودھ تلف کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق کے پی فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے مختلف علاقوں میں دودھ میں کیمیکلز اور پانی ملانے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے پندرہ سے زائد دوکانیں چیک کیں اور ٹیسٹ کے بعد پانچ سولیٹر سے زائد کیمیکل ملا دودھ تلف کردیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کہنا ہے کہ مردان میں بھی ٹیم نے مختلف علاقوں میں کاروائیاں عمل میں لائیں اور آٹھ دوکانوں کی چیکنگ کے بعد دو سو پچاس لیٹر دودھ ضائع کردیا۔ ایبٹ آباد میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے انٹری پوائینٹس پر چیکنگ کرتے ہوئے دودھ کی سپلائی کرنے والوں کی چیکنگ کی اور کم فیٹس لیول والے چھ سو لیٹر دودھ کو ضائع کردیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سے دودھ کم لیول فیٹس میں منگواکر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جاتاہے جو کہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ ادھر ڈی آئی خان میں بھی دودھ کے دوکانوں کی چیکنگ کی گئی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔ پانچ دوکانوں کی چیکنگ کی گئی تو چار دوکانوں کے دودھ میں پچاس فیصد سے زیادہ پانی کی ملاوٹ تھی جس پر دو سو لیٹر دودھ کو تلف کردیا گیا۔ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دودھ کیخلاف کریک ڈان جاری رہے گا اور اگلی باری منرل واٹر سے وابستہ افراد کی ہے۔ ملاوٹ اور دو نمبر کاروبار جڑے لوگوں کیلئے کوئی رعایت نہیںدینگے ،عوام کو صاف اور شفاف خوارک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کا مشن ہے۔