ْنواز شریف ناکردہ گناہوں کی وجہ سے خاندان سمیت عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے،شیخ آفتاب احمد

افواج پاکستان پر ہم جتنا فخر کریں کم ہے آئندہ عام انتخابات میں عوامی طاقت سے ایک دفعہ پھر حکومت بنائیں گے ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور

ہفتہ 5 مئی 2018 21:48

ْنواز شریف ناکردہ گناہوں کی وجہ سے خاندان سمیت عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ..
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور اسلامی ممالک کی پہلی ایٹمی قوت بنانے کے پاداش میں اقتدار سے الگ کر کے اٹک قلعہ میں قید کیا گیا انہوں نے ملک و قوم کی خاطر اٹک قلعہ کی کال کوٹھڑی اور جلا وطنی تو قبول کی لیکن 20 کروڑ عوام کی غیرت کا سودا نہ کیا جبکہ سابق آمر مشرف جو ہر بات پر مکا لہراتا تھا جو کمر درد کا بہانہ کر کے ملک سے باہر بیٹھا ہے محمد نواز شریف اپنے ناکردہ گناہوں کی وجہ سے خاندان سمیت عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے آنے والا مورخ جب تاریخ لکھے گا تو ملک و قوم کیلئے محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کی قربانیوں کو سنہری حروف میں جبکہ آمر مشرف کو بھگوڑہ ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ( ن ) کے عہدیداروں اور کارکنوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رہنما مسلم لیگ ( ن ) محمد رفیق بھولا ، ملک سہیل اقبال،صحافیوں اور سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی ، شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ افواج پاکستان پر ہم جتنا فخر کریں کم ہے فوج کے افسران اور جوانوں نے ملک کی سالمیت اور تحفظ کی خاطر جانوں کے نذرانے دئیے انہی کی وجہ سے ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں 15 سال اٹک کے اقتدار کے بلا شرکت غیرے مالک بننے والوں نے عوام کو سوائے سبز باغ دکھانے کے عملی طور پر کچھ نہیں کیا ہم نے 2013 ء کی انتخابی کمپین میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر حلقہ کی عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ اللہ کی مہربانی اور اس کے پیارے حبیب ؐ کے صدقے پورے کر دیئے ہیں 2018 ء کے الیکشن میں آنے ولی مشکلات نظر آ رہی ہیں مگر حوصلے بلند ہیں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سرپرستی میں ہم نے حلقہ کی عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اچھے برے وقت اور امتحان قوموں اور لیڈروں پر آتے رہتے ہیں اس طرح کی آزمائشیں ماضی میں بھی درپیش آئیں مگر ہم نے ان کا مردانہ وار مقابلہ کیا آئندہ عام انتخابات میں عوامی طاقت سے ایک دفعہ پھر حکومت بنائیں گے اور خدمت کا سلسلہ جہاں رکے گا وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے ۔